بھارتی ٹیم کی ہچکچاہٹ، ایشیا کپ کرکٹ کا انعقاد تاحال غیر یقینی صورتحال کا شکار

یو اے ای میں شیڈول ایشیا کپ میں شرکت کیلئے بھارتی بورڈ تاحال شرکت کا فیصلہ نہ کر سکا،بھارت ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ آئندہ چند روز میں کریگا ٹورنامنٹ ملتوی ہونے کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا ، ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان رواں ہفتے کردیا جائے گا،ایشین کرکٹ کونسل

منگل 24 جولائی 2018 16:15

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 جولائی2018ء) متحدہ عرب امارات میں ستمبر میں ہونے والے ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت سے بھارتی ٹیم ہچکچاہٹ کا شکار ہے جبکہ ٹورنامنٹ بھی غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ آئندہ چند روز میں کرسکتا ہے۔ایشین کرکٹ کونسل کے ایک اعلی افسر کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ ملتوی ہونے کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان کیوں نہیں ہوسکا ہے تو انہوں نے کہا کہ شیڈول کا اعلان رواں ہفتے کردیا جائے گا۔ایشین کرکٹ کونسل نے دبئی اور ابوظہبی میں 15سی28ستمبر تک ایشیا کپ کرانے کا اعلان کررکھا ہے۔ٹیموں کی آمد 13ستمبر سے شروع ہوگی۔ٹورنامنٹ کی میزبانی بھارت کو ملی تھی لیکن بھارت نے پاکستان کی موجودگی میں ٹورنامنٹ اپنے ملک میں کرانے سے انکار کردیا تھا۔

(جاری ہے)

ایشین کرکٹ کونسل نے نجم سیٹھی کی صدارت میں ٹورنامنٹ بھارت سے متحدہ عرب امارات منتقل کردیا تھا۔ ذمے دار ذرائع کے مطابق بھارت کا کہنا ہے کہ اگر یہی ٹورنامنٹ سری لنکا یا بنگلہ دیش میں کرادیا جائے تو ان ملکوں میں اخراجات پانچ گنا کم ہوسکتے ہیں۔ایک اور ذرائع کا کہنا ہے کہ یکم سے تین اکتوبر تک پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی تنازعات کمیٹی میں ہرجانے کا جو کیس دائر کیا ہوا ہے اس کی سماعت دبئی میں ہوگی اس لیے بھارت کا موقف ہے کہ دبئی میں سماعت سے کچھ دن پہلے پاکستان کے ساتھ ایشیا کپ کے میچز کھیلنے سے بھارت کا کیس کمزور ہوجائے گا اس لیے بھارتی بورڈ ٹورنامنٹ میں شرکت سے گریز کررہا ہے۔

ایشین کرکٹ کونسل کے صدر نجم سیٹھی بھارتی کرکٹ بورڈ سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے انہیں ایشین کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے قائل کریں گے تاہم بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ میں بھارت کی شرکت مشکوک ہے البتہ اس بارے میں اعلان ابھی نہیں کیا گیا ہے۔ماضی میں بھارت کے بغیر کئی بار ایشیا کپ کا انعقاد ہوچکا ہے۔
وقت اشاعت : 24/07/2018 - 16:15:59

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :