بھارت کی نوٹنگھم ٹیسٹ میں پوزیشن مستحکم، میزبان انگلش ٹیم پہلی اننگز میں 161 رنز پر ڈھیر، پانڈیا کی 5 وکٹیں، بھارت نے دوسری اننگز میں 2 وکٹوں پر 124 رنز بنا کر مجموعی طور پر 292 رنز کی برتری حاصل کر لی

پیر 20 اگست 2018 00:20

نوٹنگھم۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2018ء) ہرڈک پانڈیا کی عمدہ بائولنگ کی بدولت بھارت کی انگلینڈ کے خلاف تیسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں پوزیشن مستحکم ہو گئی، انگلش ٹیم بھارت کی پہلی اننگز 329 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 161 رنز پر ڈھیر ہو گئی، بھارتی بائولرز کی نپی تلی بائولنگ کے سامنے انگلینڈ کا کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکا، جوز بٹلر 39 رنز بنا کر نمایاں رہے، ہرڈک پانڈیا نے کیریئر بہترین بائولنگ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، بھارت نے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں 2 وکٹوں پر 124 رنز بنا کر مجموعی طور پر 292 رنز بنا کی برتری حاصل کر لی ہے، پوجارا 33 اور کوہلی 8 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

اتوار کو نوٹنگھم ٹیسٹ کے دوسرے روز بھارتی ٹیم نے 307 رنز 6 کھلاڑی آئوٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو ریشبھ پانٹ 22 رنز پر کھیل رہے تھے، انگلش بائولرز نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کر کے حریف کھلاڑیوں کو وکٹ پر جمنے کا موقع نہ دیا اور پوری ٹیم 329 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، پانٹ 24 رنز بنا کر چلتے بنے، ایشون 14، محمد شامی 3 اور جسپریت بمرا بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، جیمز اینڈرسن، سٹورٹ براڈ اور کرس ووکس نے 3، 3 اور عادل راشد نے ایک وکٹ لی، جواب میں انگلش ٹیم پہلی اننگز میں 161 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، ایلسٹرکک اور کیٹن جیننگز نے ٹیم کو 54 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم یہاں پر دونوں اوپنرز یکے بعد دیگرے آئوٹ ہو گئے، ایلسٹرکک 29 اور جیننگز 20 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئے، اس کے بعد انگلش کھلاڑی بڑی شراکت داری قائم کرنے میں ناکام رہے اور کوئی بھی کھلاڑی بھارتی بائولرز کے سامنے ڈٹ کر کھیل نہ پیش کر سکا، کپتان جوروٹ 16، اولی پوپ 10، جونی بیئرسٹو 15، بین سٹوکس 10، جوز بٹلر 39، کرس ووکس 8، عادل راشد 5 اور براڈ بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، پانڈیا نے 5، ایشانت شرما اور بمرا نے 2، 2 اور محمد شامی نے ایک وکٹ لی۔

(جاری ہے)

168 رنز کی برتری کے ساتھ بھارتی ٹیم دوسری اننگز کیلئے جب میدان میں اتری تو لوکیش راہول اور شیکھر دھون نے ٹیم کو 60 رنز کا آغاز فراہم کیا، راہول 36 رنز بنانے کے بعد سٹوکس کی گیند پر بولڈ ہوئے، 111 کے سکور پر بھارت کی دوسری وکٹ گری جب دھون 44 رنز بنانے کے بعد راشد کی گیند کا نشانہ بنے، اس موقع پر پوجارا اور کپتان کوہلی نے محتاط انداز اپنایا اور دن ختم ہونے تک مزید نقصان نہ ہونے دیا، اسطرح دوسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو بھارت نے 2 وکٹوں پر 124 رنز بنا کر مجموعی طور پر 292 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے، پوجارا 33 اور کوہلی 8 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، سٹوکس اور راشد نے ایک، ایک وکٹ لی۔
وقت اشاعت : 20/08/2018 - 00:20:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :