ایشیا ءکپ میں کون کون سے کرکٹرز آخری بار ان ایکشن ہوں گے ؟ جانئے

ایونٹ 15سے28ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا

ہفتہ 8 ستمبر 2018 15:20

ایشیا ءکپ میں کون کون سے کرکٹرز آخری بار ان ایکشن ہوں گے ؟ جانئے
لاہور (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 8 ستمبر2018ء) 14 واں ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ 15 ستمبر سے متحدہ عرب امارات میں کھیلا جارہا ہے۔ کئی کھلاڑی اسی ایونٹ میں پرفارم کرکے لیجنڈ پلیئرز بنے۔ موجودہ ایشیا کپ میں بھی کئی عظیم کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے مگر ان میں سے 5 بڑے کھلاڑی ممکنہ طور پر اپنا آخری ایشیاءکپ کھیلیں گے۔ 1999 ءمیں اپنا انٹر نیشنل ڈیبیو کرنے والے پاکستانی آل راﺅنڈر شعیب ملک 156 ون ڈے وکٹیں اور 7 ہزار سے زیادہ رنز بناچکے ہیں ،36 سالہ سپن آل راﺅنڈر ورلڈ کپ 2019 ءکے بعد ریٹائرمنٹ کا ارادہ رکھتے ہیں۔

بھارت، پاکستان اور جنوبی افریقا کےخلاف اپنی قیادت میں بنگلہ دیش کو سیریز جتوانے والے آل راﺅنڈر مشرفی مرتضیٰ بھی کیریئر کے اختتام پر ہے۔ خود کو پہلے ہی محدود اوورز کی کرکٹ کےلئے مختص کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

34 سالہ مشرفی بھی ورلڈ کپ 2019 ءکے بعد کرکٹ میدانوں سے رخصتی کے خواہش مند ہیں۔ 2004 ءمیں ڈیبیو کرنے والے بھارتی وکٹ کیپر دینش کارتھک گزشتہ 2 سال سے اگرچہ مسلسل ٹیم میں کھیل رہے ہیں مگر ان کا بھی یہ آخری کپ ہوسکتا ہے۔

لاستھ ملنگا سری لنکن تاریخ کے کامیاب ترین کرکٹرز میں شمار ہوتے ہیں البتہ فٹنس مسائل کی وجہ سے گزشتہ ایک سال سے ون ڈے ٹیم سے باہر ہیں، سلیکٹرز نے انہیں حیران کن طور پر ایشیا کپ سکواڈ میں شامل کیا ہے ، 35 سالہ کرکٹر کا یقینی طور پر یہ آخری کپ ہوگا۔ سابق بھارتی کپتان ایم ایس دھونی کا بھی یہ آخری ایونٹ ہوگا۔37 سالہ دھونی ورلڈ کپ 2019ءکے بعد ریٹائر ہوسکتے ہیں۔

یاد رہے کہ ایشیا ءکپ کرکٹ ٹورنامنٹ 15 سے 28 ستمبر تک محدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا جس میں پہلی مرتبہ چھ ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی، پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان نے براہ راست ایونٹ میں جگہ بنائی تھی اور اب انکے بعد ہانگ کانگ، ملائیشیا، نیپال، اومان، سنگاپور اور متحدہ عرب امارات میں سے ہانگ کانگ کی ٹیم کوالیفائنگ مرحلہ عبور کر کے ایونٹ تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ۔

ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، پاکستان، بھارت اور ہانگ کانگ کو گروپ اے، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان کو گروپ بی میں رکھا گیا ہے، ہر گروپ سے دو ٹیمیں سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی جہاں پر چاروں ٹیمیں آپس میں مدمقابل ہوں گی اور دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل کھیلا جائے گا۔ 15 ستمبر کو افتتاحی میچ میں سری لنکا کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہو گا، پاکستانی ٹیم 16 ستمبر کو ہانگ کانگ ٹیم کےخلاف مہم کا آغاز کرےگی، گرین شرٹس 19 ستمبر کو روایتی حریف بھارت کے آمنے سامنے ہوں گے، سپر 4مرحلے کے میچز 21 سے 26 ستمبر تک کھیلے جائیں گے، دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 28 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائےگا۔ ایونٹ کے تمام میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے۔
وقت اشاعت : 08/09/2018 - 15:20:41

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :