بابر اعظم کے پاس کوہلی سے نمبر ون پوزیشن چھیننے کا ”موقع“ آگیا

حسن وکٹوں کے انبار لگا کر دوبارہ ٹاپ باﺅلربننے کے قریب

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 14 ستمبر 2018 14:08

بابر اعظم کے پاس کوہلی سے نمبر ون پوزیشن چھیننے کا ”موقع“ آگیا
دبئی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14ستمبر2018ء) ایشیاءکپ میں شریک ٹیموں اور پلیئرز کو رینکنگ میں بہتری کا سنہری موقع میسر آگیا ہے ۔ایشیاءکپ ہفتے سے یو اے ای میں شروع ہورہا ہے جس میں اچھی پرفارمنس کی بدولت ٹیمیں اور پلیئرز دونوں ہی اپنی رینکنگ پوزیشنز میں بہتری پا سکتے ہیں۔ایونٹ میں شریک ٹیموں میں ٹاپ رینک بھارت اس وقت121 پوائنٹس کے ساتھ انگلینڈ سے نیچے دوسرے نمبر پرموجود ہے،پاکستان 104 پوائنٹس لے کر پانچویں پوزیشن سنبھالے ہوئے ہے، اگر گرین شرٹس ایشیائی ہمسایوں کو مات دے کر ٹائٹل جیتے تو پھر ان کی رینکنگ پوزیشن بھی بہتر ہوجائے گی۔

بیٹسمین رینکنگ میں اس وقت نمبر ون پوزیشن911پوائنٹس کے ساتھ ویرات کوہلی کے پاس ہے تاہم انھیں ایشیا ءکپ میں بھارت نے آرام دے دیا، جس سے دوسرے نمبر پر 825پوائنٹس کے ساتھ موجود بابر اعظم کے پاس اچھی کارکردگی کی بدولت ٹاپ پر ترقی پانے کا موقع موجود ہوگا۔

(جاری ہے)

قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان بھی دھواں دار بیٹنگ کے جوہر دکھا کر اپنی 16 ویں پوزیشن کو بہتر بنا سکتے ہیں۔

اسی طرح باﺅلرز میں حسن علی فی الحال تیسرے نمبر پر ہیں، ان سے آگے افغانستان کے راشد خان اور ٹاپ پر بھارتی جسپریت بمرا موجود ہیں، انھیں ترقی پانے کے لیے اسی ایونٹ میں شریک ان بولرز سے بھرپور مقابلہ کرنا ہوگا۔ آل راﺅنڈرز میں بھی دوسرے نمبر پر اگرچہ محمد حفیظ موجود ہیں تاہم وہ ایشیا کپ کے لیے گرین شرٹس کا حصہ نہیں بن سکے۔پاکستانی کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ہمارے لیے رینکنگ میں بہتری کے لیے یہ ایونٹ کافی اہم ہے، ویسے بھی ورلڈ کپ میں شریک آدھی ٹیمیں ایشیا کپ میں شامل ہیں جس کی وجہ سے ہمیں اس ایونٹ میں اپنی تیاریوں کو جانچنے کا موقع ملے گا۔

انھوں نے کہا کہ اگرچہ چیمپئنز ٹرافی کی خوشگوار یادیں موجود ہیں مگر اب ہماری توجہ اگلے چیلنجز پر مرکوز ہے۔ادھر بابر اعظم نے کہاکہ میں جانتا ہوں کہ ویرات کوہلی رینکنگ میں مجھ سے آگے ہیں مگر میں اپنی پوزیشن بہتر بنانے کی کوشش کروں گا۔ حسن علی نے کہاکہ میں پہلے بھی باﺅلنگ میں ٹاپ پوزیشن سنبھال چکا اور دوبارہ اس مقام تک پہنچنے کی پوری کوشش ہوگی۔
وقت اشاعت : 14/09/2018 - 14:08:20

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :