ایشین فٹ سال چیمپئن شپ رواں سال کے آخر میں کھیلی جائے گی

پیر 24 ستمبر 2018 11:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2018ء) ایشین فٹ سال چیمپئن شپ رواں سال دسمبر میں وفاقی دارالحکومت میں کھیلی جائے گی جس کی میزبان پاکستان کو مل گئی ہے۔ پاکستان فٹ سال فیڈریشن کے چئرمین ملک مہربان علی نے بتایاکہ چیمپئن شپ میں میزبان پاکستان سمیت ایشیائی بارہ ممالک کی ٹیمیں حصہ لیں گی جن کو دعوت نامے بھیجوا دیئے گئے ہیں جن میں بھارت، بنگلہ دیش، نیپال، تھائی لینڈ، سری لنکا، ملائیشیا، ترکی، تائیوان، سنگاپور، افغانستان اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب میں وزیراعظم عمران خان اور اختتامی تقریب میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کو بطور مہمان خصوصی دعوت دی جائے گی۔ چیمپئن کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب لیاقت جمنازیم، اسلام آباد میں ہوگی جس میں ٹیمیں مارچ پاسٹ کے علاوہ گلوکار اور فنکار اپنے، اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

(جاری ہے)

ملک مہربان علی نے کہا کہ ابھی تک سات ممالک نے چیمپئن شپ میں شرکت کرنے کی تصدیق کردی ہے جن میں متحدہ عرب امارات، پاکستان، ترکی، نیپال، بنگلہ دیش، تائیوان اور افغانستان شامل ہیں اور چیمپئن شپ کی تیاریاں ابھی سے شروع کردی گئی ہیں اور چیمپئن شپ کو احسن طریقے سے منعقد کروانے کیلئے مختلف کمیٹیوں کا قیام آئندہ ایک دو روز میں عمل میں لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایشیئن فٹ سال چیمپئن شپ 12 سے 16 دسمبر تک اسلام آباد میں کھیلی جائے گی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد 8 دسمبر سے شروع ہو جائیگی، چیمپئن شپ کے سیمی فائنل 15 دسمبر کو جبکہ فائنل میچ 16 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔ چیمپئن شپ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، میڈلز اور اسناد کے علاوہ دیگر انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔
وقت اشاعت : 24/09/2018 - 11:50:35

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :