بنگلہ دیش کے ہاتھوں شکست ، شاہد آفریدی نے پاکستان کی شکست کے پیچھے چھپی اصل وجہ بتا دی

ٹیم کو زبردست واپسی کے لیے زیادہ توجہ اور محنت کی ضرورت ہے:سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 27 ستمبر 2018 12:42

بنگلہ دیش کے ہاتھوں شکست ، شاہد آفریدی نے پاکستان کی شکست کے پیچھے چھپی اصل وجہ بتا دی
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27 ستمبر2018ء) بنگلہ دیش نے گزشتہ روز پاکستان کو دردناک شکست سے دوچار کر تے ہوئے ٹورنامنٹ سے باہر کر دیاہے اور خود فائنل میں پہنچ گئی ہے جہاں و ہ بھارت کے ساتھ ٹکرائے گی اور اس شکست پر شاہد آفریدی نے بھی ٹیم کی کارکردگی پر افسوس کا اظہار کیاہے۔تفصیلات کے مطابق شاہد آفریدی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں بنگلہ دیش کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ انہیں پاکستانی ٹیم کی پوری کارکردگی سے کافی مایوسی ہوئی ہے۔

کرکٹ کے ہر شعبہ میں کمی دیکھنے کو ملی۔آفریدی نے لکھا کہ گزشتہ ٹورنامنٹ میں نوجوانوں کی طرف سے بہت اچھی کرکٹ کھیلی گئی تھی جس کے بعد توقعات بڑھ گئی تھیں۔انہوں نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کو زبردست واپسی کے لیے زیادہ توجہ اور محنت کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

یادرہے کہ بنگلادیش نے پاکستان کو سپرفور مرحلے میں 37 رنز سے شکست دے کرایشیا کپ کے فائنل کا ٹکٹ کٹا لیا۔

فائنل میں رسائی کے لیے پاکستان کا مقابلہ بنگلادیش سے ہوا جس میں قومی بلے بازوں نے ناقص کارکردگی کے سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے 240 رنز کے ہدف کو خود کے لیے پہاڑ بنالیا ، نسبتاً کمزور بالنگ اٹیک کے سامنے بھی پاکستانی ٹاپ آرڈر مکمل ناکام ہوگیا اور صرف 18 رنز پر گرین شرٹس کے 3 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے ،کپتان سرفراز احمد 10، فخر زمان اور بابراعظم 1،1رن بناکر چلتے بنے۔

امام الحق اور شعیب ملک نے محتاط انداز میں اننگز کو آگے بڑھایا اور 67 رنز کی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی تاہم شعیب ملک زیادہ دیر مزاحمت نہ کرسکے اور 30 رنز پر کیچ آﺅٹ ہوگئے، کچھ دیر بعد شاداب خان بھی پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 4 رنز بنائے۔اوپنر امام الحق ایک اینڈ پر جمے رہے اور انہوں نے آصف علی کے ساتھ مل کر 74 رنز جوڑے، جو ڈوبتی کشتی کو منجھدار سے نکالنے کے لیے بے سود ثابت ہوئے، آصف علی 31 رنز پر پویلین لوٹے تو کچھ دیر بعد امید کی آخری کرن امام الحق بھی آﺅٹ ہوگئے،انہوں نے 83 رنز کی باری کھیلی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان مقررہ اووز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز ہی بنا سکا۔بنگلادیش کی جانب سے مستفیض الرحمان نے 4 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا جبکہ مہدی حسن نے 2،روبیل حسین محموداللہ اور سومیا سرکار نے1،1وکٹ حاصل کی۔قبل ازیں بنگلادیش کے کپتان نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، پاکستانی بالرز نے حریف ٹیم کے ابتدائی تین بلے بازوں کو صرف 12 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی، آﺅٹ ہونے والے بیٹسمین لیتن داس 6، سومیا سرکار صفر اور مومن الحق 5 رنز بناسکے۔

3 وکٹیں جلد گرنے کے بعد تجربہ کار مشفق الرحیم اور محمد متھون نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 144 رنز کی شراکت داری کرکے ٹیم کو بحران سے نکالا تاہم محمد متھون 60 رنز پر حسن علی کا شکار بن گئے، امرالقیس 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جب کہ مشفق الرحیم ایک رن کے فرق سے سنچری مکمل نہ کرسکے اور 99 رنز پر کیچ آﺅٹ ہوگئے۔مہدی حسن مراز 12،محمود اللہ 25 ، روبیل حسین ایک جب کہ مشرفی مرتضیٰ 13 رنز بناسکے، یوں بنگلادیش کی پوری ٹیم 49 ویں اوور میں 239 رنزبناکر آﺅٹ ہوگئی۔ایونٹ کا پہلا میچ کھیلنے والے جنید خان نے 4 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی نے 2،2 شکار کیے،سپنر شاداب خا ن کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
وقت اشاعت : 27/09/2018 - 12:42:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :