وسیم اکرم کوسرفراز الیون سے مضبوط کم بیک کی امید

ورلڈ کپ آٹھ ماہ دور لیکن پاکستانی کرکٹرز سے بہتری کی توقع ہے ،سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 2 اکتوبر 2018 13:18

وسیم اکرم کوسرفراز الیون سے مضبوط کم بیک کی امید
لاہور(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 اکتوبر 2018ء) سابق قومی کپتان وسیم اکرم ایشیاءکپ میں مایوس کن کارکردگی کے باوجود ورلڈ کپ میں گرین شرٹس کے بھرپور کم بیک کے لیے پرامید ہیں جن کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ ابھی آٹھ ماہ دور ہے اور کوئی پیشگوئی کرنا آسان نہیں لیکن پھر بھی وہ میگا ایونٹ میں پاکستان کی جانب سے اچھی کارکردگی کی توقع کر رہے ہیں۔وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ ایشیاءکپ میں پوری پاکستانی ٹیم مشکلات سے دوچار نظر آئی جو فیورٹ کے ٹیگ کے ساتھ سپر فور سٹیج سے باہر ہو گئی۔

قومی کرکٹ ٹیم پر ناقدین کی جانب سے کڑی تنقید کی گئی اور وسیم اکرم بھی گرین شرٹس کی پرفارمنس پر مایوس نظرآئے لیکن اس کے باوجود ان کا کہنا تھا کہ وہ ورلڈ کپ میں قومی کرکٹرز کی جانب سے قدرے مختلف اور مثبت کارکردگی کی امید رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کے پاس مشرفی مرتضیٰ کی شکل میں اچھا کپتان ہے جب کہ افغانستان بھی خطرناک ٹیم کے طور پر ابھر رہی ہے۔

بھارت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ دیگر ٹیموں سے آگے ہے اور آئی پی ایل کی وجہ سے وہاں باصلاحیت نوجوان کرکٹرز سامنے آئے ہیں۔ وسیم اکرم کا مزید کہنا تھا کہ بھارت نے جو اپنی کرکٹ میں جو سرمایہ کاری کی آئی پی ایل کی صورت میں اب اس کے مثبت ثمرات سامنے آرہے ہیں۔یاد رہے کہ ایشیاءکپ میں پاکستانی ٹیم نے انتہائی ناقص کاکردگی کا مظاہرہ کیا اورہانگ کانگ کے خلاف ایک آسان فتح حاصل کرنے کے بعد بھارت کے خلاف گروپ میچ میں محض162رنز پر آل آﺅٹ ہوگئی، گروپ فور کے پہلے میچ میں پاکستان نے افغانستان کی جانب سے دیا گیا257رنز کا ہدف آخری اوور میں شعیب ملک کی بیٹنگ کی وجہ سے حاصل کیا جب کہ بھارت کیخلاف میچ میں محض237رنز سکور کرسکے ، سپر فور کے آخری مقابلے میں پاکستان کو بنگلہ دیش کے ہاتھوں شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔

 
وقت اشاعت : 02/10/2018 - 13:18:38

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :