عرفان آفریدی کاباﺅلنگ ایکشن مشکوک قرار

شاہد آفریدی کے بھانجے کے پہلے ہی اوور کے بعد فیلڈ امپائرز نے انھیں خبردار کیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 11 نومبر 2018 16:53

عرفان آفریدی کاباﺅلنگ ایکشن مشکوک قرار
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11نومبر2018ء) آئی سی سی ورلڈ کرکٹ لیگ ڈویژن تھری میں شریک یوگینڈا کے عرفان آفریدی کا بولنگ ایکشن مشکوک قرار دیدیا گیا۔امریکا کے خلاف میچ میں شکست کے بعد یوگینڈا کے کپتان مونانک پٹیل نے انکشاف کیا کہ سٹار آل راﺅنڈر عرفان آفریدی کے پہلے ہی اوور کے بعد فیلڈ امپائرز نے انھیں خبردار کیا کہ اگر اب ان سے باﺅلنگ کرائی گئی تو مشکوک باﺅلنگ ایکشن پر نوبال قرار دی جائےگی جسکی وجہ سے انھیں باﺅلنگ اٹیک سے ہٹا دیا گیا۔

واضح رہے کہ عرفان سابق پاکستانی کپتان شاہد آفریدی کے بھانجے ہیں۔عرفان آفریدی 28سال کی عمر میں امپورٹ ایکسپورٹ کے بزنس کیلئے 2013ءمیں یوگنڈاگئے تھے اور اس سے پہلے انہوں نے کبھی ہارڈ بال کیساتھ کرکٹ نہیں کھیلی تھی۔

(جاری ہے)

وہاں عرفان کی دوستی یوگنڈا کے فاسٹ باﺅلر آسادو سیگا سے ہوگئی جس نے پہلی دفعہ عرفان کو اپنے کلب ٹورناڈو کی طرف سے ہارڈ بال کا میچ کھلایا اوراسے قومی ٹیم تک پہنچنے کا موقع دیا۔

2017ءمیں عرفان کو یوگنڈاکی قومی ٹیم میں شامل کرلیاگیا اور آئی سی سی ورلڈکرکٹ لیگ ڈویژن تھری ٹورنامنٹ میں ملائیشیا کےخلاف میچ عرفان آفریدی نے 108رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اورمردمیدان قرار پائے۔اپریل 2018ءمیں آئی سی سی ورلڈ کرکٹ لیگ ڈویژن فور ٹورنامنٹ میں برمود اکے خلاف میچ انہوں نے 23رنز دیکر 6وکٹیں لیکر مردمیدان کا اعزازپایا۔

وانواٹوکے خلاف میچ میں عرفان آفریدی نے 17گیندوں پر 51رنز کی اننگز کھیل کر اور 3وکٹیں لے کر ایک بار پھر پلیئر آف دی میچ کا اعزاز اپنے نام کیا ،وہ ٹورنامنٹ کے 6میچزمیں 15وکٹیں لےکر ایونٹ کے بہترین باﺅلر بھی قرار پائے۔آئی سی سی ورلڈ ٹی 20افریقہ کوالیفائر میں روانڈا کیخلاف میچ میں انہوں نے 12رنز دیکر 5وکٹیں لیں اورپلیئر آف دی میچ بن گئے ،ایونٹ میں 13وکٹوں کے ساتھ ان کو بہترین باﺅلر کا اعزاز ملا۔

افریقہ ٹی 20کپ اور آئی سی سی ورلڈ کرکٹ لیگ ڈویژن تھری کیلئے اعلان کردہ یوگنڈاکی ٹیم میں بھی ان کا نام شامل ہے۔عرفان نے ایک انٹرویو میں کہا کہ میں کاروبار کیلئے یوگنڈا آیاتھالیکن کرکٹر بن گیا ،ابھی بھی بزنس کی وجہ سے میری پوری توجہ کرکٹ پرنہیں ہوتی تاہم ایک ارادہ کررکھا ہے کہ کرکٹ کے میدان میں بہتر سے بہتر کارکردگی دکھاناہے اور یوگنڈا کی ٹیم کی فتوحات کی تعداد کو بڑھاناہے۔
وقت اشاعت : 11/11/2018 - 16:53:44

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :