سٹار ویسٹ انڈین کرکٹر ڈووین براوو کا پاکستان آنے کا اعلان

2006ءکے بعد پہلی بار پاکستان آﺅں گا: آل راﺅنڈر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 22 نومبر 2018 19:02

سٹار ویسٹ انڈین کرکٹر ڈووین براوو کا پاکستان آنے کا اعلان
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 نومبر 2018ء) ویسٹ انڈیز کے سٹار کرکٹر ڈیوائن براوو نے پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کے لیے پاکستان آنے کا اعلان کیا ہے۔ڈی جے براوو نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کاحصہ بننے پر خوش ہوں اور گلیڈی ایٹرز کی ٹیم پاکستان سپر لیگ کی چیمپئن بنے گی۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے لیے منتخب کرنے پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا شکر گزار ہوں اور 2006 ءکے بعد پہلی بار پاکستان آﺅں گا۔

ٹی ٹونٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ450 وکٹیں لینے والے ویسٹ انڈین کرکٹ سٹار نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرئز کے چاہنے والوں کے لیے اپنا مشہور گانا ”چیمپئن،چیمپئن“ بھی گایا۔خیال رہے کہ 2016 ءمیں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں براوو نے تین وکٹیں حاصل کر کے ویسٹ انڈیز کو دوسری بار ورلڈ چیمپئن بنوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

(جاری ہے)

ویسٹ انڈین کرکٹر رواں برس اکتوبر میں ہر قسم کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکے ہیں تاہم وہ مختلف ممالک میں کھیلی جانے والی لیگز باقاعدگی سے کھیلتے ہیں ۔

ڈووین براو و کا پاکستان آنے کا اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے بھی بہت فائدہ مند ثابت ہوگا جو انٹر نیشنل کرکٹ پاکستان لانے کے لیے تندہی سے کام کررہی ہے ،ڈووین براوو ٹی ٹونٹی کرکٹ کے تجربہ کار ترین کھلاڑی ہیں اور اب تک411ٹی ٹونٹی میچزکھیل چکے ہیں ،35سالہ ڈووین براوو دنیا بھر کی مختلف لیگز میں مختلف فرنچائزز کی نمائندگی کرچکے ہیں جن میں چنائی سپر کنگز ، کومیلا وکٹورینز،چٹا گانگ کنگز،ڈھاکہ ڈائنا مائٹس، ڈولفنز ،ایسیکس، گجرات لائنز ،کینٹ،لاہور قلندرز،میلبورن رینیگیڈز ، مڈل سیکس ،ممبئی انڈینز،پارل روکس ،سرے،سڈنی سکسرز،ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز،ٹرینڈاڈ اینڈ ٹوبیگو،ٹرینڈاڈ اینڈ ٹوبیگو ریڈ سٹیلز اور وکٹوریہ کی ٹیمیں شامل ہیں ۔
وقت اشاعت : 22/11/2018 - 19:02:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :