سرفراز الیون نے ورلڈ کپ تک ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر مستقل قبضہ جما لیا

بھارت اپنے اگلے تینوں ٹی ٹونٹی میچز جیتنے کے باوجود دوسرے نمبر پر ہی رہےگا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 10 دسمبر 2018 15:03

سرفراز الیون نے ورلڈ کپ تک ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر مستقل قبضہ جما لیا
دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10دسمبر2018ء) قومی ٹیم نے مئی 2019ءسے شیڈول ورلڈ کپ تک کے لیے ٹی ٹونٹی رینکنگ میںپہلی پوزیشن پر مستقل قبضہ جما لیا ہے۔ سرفراز الیون نے آسٹریلیا کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف بھی تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز میں وائٹ واش مکمل کرکے رینکنگ میں اپنی پہلی پوزیشن 138پوائنٹس کے ساتھ مزید مستحکم کرلی ہے اور اب ورلڈ کپ 2019ءتک کوئی اور ٹیم ان سے یہ پوزیشن نہیں چھین سکے گی۔

بھارت رینکنگ میں 126پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے جب کہ پاکستان نے تین ٹی ٹونٹی میچز پر مشتمل اپنی اگلی سیریز جنو بی افریقہ کے خلاف اس کے ہوم گراﺅنڈز پر کھیلنی ہے ،گرین شرٹس کو اگر اس سیریز میں 3-0سے بھی شکست کا سامنا کرنا پڑتا ہے تب بھی وہ مئی 2019ءتک ٹی ٹونٹی فارمیٹ کی نمبر ون ٹیم رہے گی اور اس عرصے کے دوران بھارت اپنے اگلے نیوزی لینڈ کے خلاف 3ٹی ٹونٹی میچز جیتنے کے باوجود دوسرے نمبر پر ہی رہے گا ۔

(جاری ہے)

رینکنگ میں 118پوائنٹس کے ساتھ2010ءکی ٹی ٹونٹی ورلڈ چیمپئن انگلینڈ تیسرے، آسٹریلیا 117پوائنٹس کے ساتھ چوتھے ، جنوبی افریقہ114پوائنٹس لے کر پانچویں، نیوزی لینڈ112پوائنٹس کے ساتھ چھٹے ، ٹی ٹونٹی ورلڈ چیمپئن ویسٹ انڈیز102پوائنٹس لے کر ساتویں،افغانستان92پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں،2014ءکی ٹی ٹونٹی ورلڈ چیمپئن سری لنکن87پوائنٹس لے کرنویں،بنگلہ دیش 77پوائنٹس کے ساتھ دسویں، سکاٹ لینڈ62پوائنٹس کے ساتھ گیارہویں ،زمبابوے55پوائنٹس لے کر بارہویں، متحدہ عرب امارات50پوائنٹس کے ساتھ تیر ہویں اور ہالینڈ اتنے ہی پوائنٹس کے ساتھ چودہویں،ہانگ کانگ 42پوائنٹس کے ساتھ پندرہویں،اومان39پوائنٹس کے ساتھ سولہویں اور آئر لینڈ34پوائنٹس کے ساتھ ستر ہویں نمبر پر براجمان ہیں۔
وقت اشاعت : 10/12/2018 - 15:03:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :