پرتھ ٹیسٹ سے قبل بھارتی ٹیم اہم کھلاڑیوں کی خدمات سے محروم

روہت شرما،روی ایشون زخمی ہونے کے باعث دوسرے ٹیسٹ سے باہر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 13 دسمبر 2018 12:52

پرتھ ٹیسٹ سے قبل بھارتی ٹیم اہم کھلاڑیوں کی خدمات سے محروم
پرتھ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13دسمبر2018ء) بھارت کو آسٹریلیا کے خلاف ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم میں کم از دو تبدیلیاں لازمی کرنا ہوں گی کیوں کہ آف سپنر روی چندرن ایشون اور مڈل آرڈر بلے باز روہت شرما بالترتیب سائیڈ اور کمر کی انجری کے باعث جمعے سے پرتھ میں شیڈول دوسرے ٹیسٹ میچ سے باہرہوگئے ہیں جب کہ پریکٹس میچ کے دورا ن ٹخنے کی انجری کا شکار ہونے والے اوپننگ بلے باز پرتھوی شا ابھی تک مکمل طور پر صحت یاب نہیں ہوسکے ہیں ۔

لیفٹ آرم سپنر روندرا جدیجہ اور فاسٹ باﺅلرز امیش یادو اور بھونیشور کمار کو دوسرے ٹیسٹ کے لیے اعلان کردہ13کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل کرلیا گیا ہے ۔ یاد رہے کہ بھارتی ٹیم نے کینگروز کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 31 رنز سے شکست دی تھی۔

(جاری ہے)

اس سے قبل آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان تین ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز 1-1 سے برابری پر ختم ہوگئی تھی۔

میزبان ٹیم کو مہمان ٹیم بھارت نے پہلے میچ میں 4 رنز سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کی تھی جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ بارش کی نذر ہو گیا۔ تیسرے اور آخری میں کینگروز نے بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز کا اختتام 1-1 سے برابری پر ختم کر دیا۔ واضح رہے کہ بھارتی ٹیم چار ٹیسٹ میچز کے علاوہ تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز بھی کھیلے گی۔

آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ جمعہ سے 18 دسمبر تک پرتھ کے مقام پر کھیلا جائیگا۔ تیسرا ٹیسٹ میچ 26 سے 30 دسمبر تک میلبورن میں کھیلا جائیگا جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا چوتھا اور آخری ٹیسٹ میچ 3 سے 7 جنوری 2019ءتک سڈنی میں کھیلا جائیگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 12 جنوری 2019ءکو سڈنی میں کھیلا جائیگا۔ دوسرا ون ڈے میچ 15 جنوری کو ایڈیلیڈ میں کھیلا جائیگا جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ 18 نومبر کو میلبورن میں کھیلا جائے گا۔ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کے تینوں میچز ڈے اینڈ نائٹ ہونگے۔

وقت اشاعت : 13/12/2018 - 12:52:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :