پاکستان سے کرکٹ ”دشمنی“ کے خاتمے سے مشروط:بی سی سی آئی آفیشل

دونوں ممالک میں سیاسی صورتحال بہتر نہ ہونے تک باہمی کرکٹ نہیں کھیل سکتے:انٹر ویو

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 12 فروری 2019 12:29

پاکستان سے کرکٹ ”دشمنی“ کے خاتمے سے مشروط:بی سی سی آئی آفیشل
ممبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12 فروری 2019ء) بھارت نے پاکستان سے کرکٹ تعلقات کی بحالی کو ”دشمنی“ کے خاتمے سے مشروط کردیا ہے ۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے منیجنگ ڈائریکٹر(ایم ڈی )وسیم خان نے اتوار کو پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ہمیں خود کو اس مقام پر پہنچانا چاہیے جہاں بھارت خود کھیلنے کی درخواست کرے۔ اس پر بی سی سی آئی کے ایک آفیشل نے ایک بھارتی اخبار سے گفتگو میں کہاکہ اگر دشمنی ختم اورسیاسی تعلقات میں بہتری آئے تو ہمیں پاکستان کے ساتھ کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے،ایک بار اگر حالات معمول پر آجائیں تو کسی کو بھی کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ موجودہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی 2گزشتہ کرکٹ بورڈ سربراہان شہریار خان اور نجم سیٹھی سے مختلف مگر وہ بھی حالات کے ہاتھوں مجبور ہیں، ہمارے کرکٹ تعلقات کا انحصار سیاسی کشیدگی اور دشمنی کے خاتمے پر ہے۔

(جاری ہے)

ادھر ایک اور بھارتی آفیشل نے وسیم خان کے بیان کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ انھیں باہمی کرکٹ پر بات کرنے سے قبل پی سی بی کی پوزیشن کے بارے میں سوچنے کی ضرورت ہے،اس بات کو بھی سمجھنا ہوگا کہ انھیں پہلے خود کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔یاد رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ بارہا یہ پوزیشن لے چکا ہے کہ پاکستان کے ساتھ کرکٹ تعلقات کی بحالی کے لیے اسے حکومتی اجازت درکار ہے ۔                     
وقت اشاعت : 12/02/2019 - 12:29:44

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :