پاکستان اور جنوبی پنجاب کا دورہ کرنے کیلئے بے تاب ہوں

چاہتی ہوں کہ جلد پاکستان کا دورہ کروں اور پاکستانی کھلاڑیوں خاص کر خواتین کرکٹرز سے ملاقات کروں، سنا ہے کہ جنوبی پنجاب میں کرکٹ کے فروغ کیلئے زبردست کام کیا جا رہا ہے: انگلینڈ ویمن ٹیم کی سابق فاسٹ بولر اور نیشنل فاسٹ باولنگ اکیڈمی کی کوچ کیتھرن ڈیلٹن کا خصوصی پیغام

muhammad ali محمد علی جمعرات 21 مارچ 2019 21:34

پاکستان اور جنوبی پنجاب کا دورہ کرنے کیلئے بے تاب ہوں
لندن (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 مارچ 2019ء) انگلینڈ ویمن ٹیم کی سابق فاسٹ بولر اور نیشنل فاسٹ باولنگ اکیڈمی کی کوچ کیتھرن ڈیلٹن نے ملتان سلطانز کے مداحوں اور پاکستانی کرکٹرز کیلئے جاری کیے گئے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان اور جنوبی پنجاب کا دورہ کرنے کیلئے بے تاب ہوں، چاہتی ہوں کہ جلد پاکستان کا دورہ کروں اور پاکستانی کھلاڑیوں خاص کر خواتین کرکٹرز سے ملاقات کروں، سنا ہے کہ جنوبی پنجاب میں کرکٹ کے فروغ کیلئے زبردست کام کیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ ویمن ٹیم کی سابق فاسٹ بولر اور نیشنل فاسٹ باولنگ اکیڈمی کی کوچ کیتھرن ڈیلٹن نے پاکستان کے شائقین کرکٹ کیلئے خصوصی ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔ اپنے پیغام میں کیتھرن ڈیلٹن نے کہا ہے کہ وہ پاکستان اور جنوبی پنجاب کا دورہ کرنے کیلئے بے تاب ہیں۔

(جاری ہے)

چاہتی ہوں کہ جلد پاکستان کا دورہ کروں اور پاکستانی کھلاڑیوں خاص کر خواتین کرکٹرز سے ملاقات کروں۔

سنا ہے کہ جنوبی پنجاب میں کرکٹ کے فروغ کیلئے زبردست کام کیا جا رہا ہے۔ کوشش کروں گی کہ پاکستان جا کر پاکستانی کرکٹرز خاص کر خواتین کرکٹر کی تربیت کیلئے اپنا کردار ادا کر سکوں۔ دوسری جانب پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز کی ٹیم کی جانب سے توقعات کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر پانے کے بعد ٹیم کے مالک علی ترین کی جانب سے خصوصی پیغام جاری کیا گیا ہے۔

علی ترین کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پی ایس ایل کے نتائج کے باوجود ٹورنامنٹ ملتان سلطانز کیلئے زبردست تجربہ ثابت ہوا ہے۔ علی ترین کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل ختم ہو گیا لیکن اصل کام اب شروع ہوا ہے۔ علی ترین نے اعلان کیا ہے کہ رواں ہفتے جنوبی پنجاب کے باولرز کی تربیت کیلئے انگلینڈ ویمن ٹیم کی سابق فاسٹ بولر اور نیشنل فاسٹ باولنگ اکیڈمی کی کیتھرن ڈیلٹن اور فاسٹ بولنگ کوچ آئین پونٹ آئیں گے۔

ملتان میں فاسٹ باولرز کیلئے خصوصی کیمپ لگایا جائے گا۔ کیمپ میں انگلینڈ نیشنل فاسٹ باولنگ اکیڈمی کی کیتھرن ڈیلٹن اور فاسٹ بولنگ کوچ آئین پونٹ نوجوان کھلاڑیوں کو تربیت دیں گے۔ جنوبی پنجاب کے لوگ اپنی مہمان نوازی کیلئے مشہور ہیں، اس لیے فاسٹ باولنگ کیمپ میں دیگر پی ایس ایل ٹیموں کے نوجوان فاسٹ باولر بھی شرکت کر سکتے ہیں۔ علی ترین کا مزید کہنا ہے کہ بیٹنگ کے کیمپ کیلیے جنوبی افریقی آل راؤ نڈر لانس کلوزنر سے بھی بات ہو رہی ہے۔

جبکہ ملتان سلطانز جون تک نوجوان باصلاحیت کھلاڑیوں کی ایک ٹیم ترتیب دے کے اسے انگلینڈ لے جائے گی۔ انگلینڈ میں نوجوانوں کی ٹیم انگلش کلبز اور جامعات کی ٹیموں کے ساتھ میچز کھیلے گی۔ یوں باصلاحیت نوجوان کرکٹرز کو اپنی صلاحیتیں منوانے کا موقع ملے گا۔ ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے پی ایس ایل کے دوران ٹیم کے میڈیا پارٹنرز اور دیگر اسپانسرز کا خصوصی شکریہ ادا کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان کی سب سے بڑی ویب سائٹ اردو پوائنٹ بھی پی ایس ایل 4 کے دوران ملتان سلطانز کی میڈیا پارٹنر تھی۔
وقت اشاعت : 21/03/2019 - 21:34:05

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :