خیبرپختونخوا نے بلوچستان کو 9 رنز سے شکست دے کر پاکستان ون ڈے کپ کا ٹائٹل جیت لیا

بلوچستان 308 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام، عابد علی کی سنچری، سہیل خان کی آل رائونڈ کارکردگی، مرد میدان قرار پائے

ہفتہ 13 اپریل 2019 00:00

خیبرپختونخوا نے بلوچستان کو 9 رنز سے شکست دے کر پاکستان ون ڈے کپ کا ٹائٹل جیت لیا
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اپریل2019ء) خیبرپختونخوا نے بلوچستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 9 رنز سے ہرا کر پاکستان ون ڈے کپ 2019 کا ٹائٹل جیت لیا، میچ کا فیصلہ آخری اوور میں ہوا، خیبرپختونخوا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 307 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، عابد علی نے 132 رنز کی اننگز کھیلی، بلوچستان کی ٹیم ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 298 رنز بنا سکی، اویس ضیاء 83 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے، سہیل خان کو 45 رنز اور 3 وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا، بہترین بلے باز کا ایوارڈ عمر اکمل کے نام رہا۔

جمعہ کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان کپ کے فائنل میں خیبرپختونخوا کے کپتان سلمان بٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا، خیبرپختونخوا نے عابد علی شاندار سنچری کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 307 رنز بنائے، اوپننگ بیٹسمین نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 119 گیندوں پر 132 رنز کی اننگزکھیلی جس میں تین چھکے اور 12 چوکے شامل تھے، آخر میں سہیل خان نے پانچ فلک شگاف چھکوں کی مدد سے 20 گیندوں پر ناقابل شکست 45 رنز بناکر ٹیم کی پوزیشن کو مزید مستحکم کر دیا، دیگر بلے بازوں میں محمد سعد 51، زوہیب خان 27 اور وہاب ریاض 22 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

(جاری ہے)

بلوچستان کی جانب سے علی عمران نے تین اور حارث روف نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ بلوچستان کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور اس نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 298 رنز بنائے، اویس ضیاء نے 83 رنز کی اچھی اننگز کھیلی تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے، کپتان اسد شفیق اور فواد عالم نے 48، 48 رنز بنائے۔ خیبرپختونخوا کی جانب سے سہیل خان نے تین اور عمید آصف نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ سہیل خان کو آل رائونڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا، عمر اکمل ٹورنامنٹ کے بہترین بلے باز، حماد اعظم بہترین آل رائونڈر جبکہ وہاب ریاض اور عماد بٹ مشترکہ طور پر بہترین بائولر قرار پائے۔
وقت اشاعت : 13/04/2019 - 00:00:19

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :