یویو ٹیسٹ کے معیار پر کھلاڑیوں کو ڈراپ کرنا کیوں مناسب نہیں؟ عاقب جاوید نے بتا دیا

انضمام الحق سمیت کئی بڑے کرکٹرز ایسے تھے جو 17.4 کے معیار تک کبھی نہ پہنچتے:سابق ٹیسٹ کرکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 20 اپریل 2019 13:41

یویو ٹیسٹ کے معیار پر کھلاڑیوں کو ڈراپ کرنا کیوں مناسب نہیں؟ عاقب جاوید نے بتا دیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20اپریل2019ء) پاکستان کے مایہ ناز سابق فاسٹ باﺅلر اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز عاقب جاوید نے ورلڈکپ کیلئے منتخب کئے گئے سکواڈ کا اچھا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یویو ٹیسٹ کھلاڑیوں کو ڈراپ کرنے کا معیار نہیں ہونا چاہئے۔نجی ٹی وی کے مطابق عاقب جاوید نے کہا ہے کہ ورلڈکپ کیلئے اچھی ٹیم کا انتخاب کیا گیا جس میں 6،7 اور 8 نمبر پر بیٹنگ کرنے والے کھلاڑی اچھے ہیں جبکہ فہیم اشرف اچھا آل راﺅنڈر نہیں البتہ وہ نچلے نمبروں پر بیٹنگ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فاسٹ باﺅلر محمد عامر کو ایک سال بہت چانس ملا اور اگر ان کی رفتار کم نہ ہوئی ہوتی تو موقع دیا جا سکتا تھا لیکن اب بھی اگر وہ دورہ انگلینڈ میں وکٹیں لیں تو انہیں ٹیم میں شامل کیا جا سکتا ہے جبکہ قومی ٹیم میں سپن آپشن بہت اچھے ہیں۔

(جاری ہے)

عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز کے چار کرکٹرز کا سکواڈ میں شامل ہونا خوشی کی بات ہے، فخرزمان اور شاہین آفریدی کو پی ایس ایل نے ہی شناخت دی اور امید ہے کہ ان دونوں سمیت شاہین آفریدی اور حارث سہیل اچھا کھیل پیش کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یویو ٹیسٹ کھلاڑیوں کو ڈراپ کرنے کا معیار نہیں ہونا چاہئے کیونکہ انضمام الحق سمیت کئی بڑے کرکٹرز ایسے تھے جو 17.4 کے معیار تک کبھی نہ پہنچتے لیکن فٹنس معیار نہ ہونے کے باوجود انضمام الحق بڑے کرکٹر تھے، کھلاڑی اگر فٹنس برقرار نہیں رکھ سکیں تو انہیں جرمانے کریں، ڈراپ کرنا مناسب نہیں ہے۔
وقت اشاعت : 20/04/2019 - 13:41:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :