عمر اکمل بہانے اور نرم گوشے کی تلاش میں رہتے ہیں، آفریدی نے ’ ٹیلنٹڈ پلیئر‘ کو آڑے ہاتھوں لے لیا

مڈل آرڈر بلے باز پریشر نہیں لے سکتا اور پریشان کن قسم کی شخصیت ہے:سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 8 مئی 2019 12:30

عمر اکمل بہانے اور نرم گوشے کی تلاش میں رہتے ہیں، آفریدی نے ’ ٹیلنٹڈ پلیئر‘ کو آڑے ہاتھوں لے لیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 8 مئی2019ء) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ”ٹیلنٹڈ“بلے باز عمر اکمل کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ عمر اکمل بہانے اور نرم گوشے کی تلاش میں رہتے ہیں، جو ہمیشہ بہانے تلاش کرے وہ شخص پلیئر نہیں ہوسکتا اور عمر اکمل ایسا ہی شخص ہے،انہوں نے کہا کہ عمر اکمل پریشر نہیں لے سکتا اور پریشان کن قسم کی شخصیت ہے۔

سابق کپتان کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف کولکتہ میں ایک فاسٹ باﺅلر کی جگہ عماد وسیم کو کھلانا چاہتا تھا لیکن انتخاب عالم اور وقار یونس نے سپنر کھلانے کی مخالفت کی تھی۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں شاہد آفریدی کی کتاب بھی منظر عام پر آئی ہے جس میں انہوں نے ساتھی کھلاڑیوں، کوچز اور اپنی عمر کے حوالے سے انکشافات کیے ہیں،سابق کپتان کے انکشافات نے نیا پنڈوراباکس کھول دیا ہے اور انہیں کئی ساتھی کھلاڑیوں کی جانب سے تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

(جاری ہے)

شاہد آفریدی نے کہا کہ 2010 ءکے بدنام زمانہ سپاٹ فکسنگ سکینڈل کی سٹوری میں نے برطانوی اخبار کو نہیں دی، اگر میں وہ سٹوری دیتا تو اس کا کتاب میں ذکر ضرور کرتا۔شاہد آفریدی نے اپنی کتاب میں انضمام الحق کے احتجاجاً اوول ٹیسٹ کے بائیکاٹ کے فیصلے کو غلط اور سابق آسٹریلین امپائر ڈیرل ہیئر کو نسل پرستانہ قرار دیا۔آفریدی نے کہا کہ 2006 ءمیں انضمام کا اوول ٹیسٹ کے واک آﺅٹ کا فیصلہ درست نہیں تھا، واک آﺅٹ سے بہتر تھا کہ امپائر کے فیصلے پر میڈیا یا آئی سی سی سے رجوع کیا جاتا۔

سابق آل راﺅنڈر نے امپائر ڈیرل ہیئر کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہیں نفرت سے بھرا ہوا نسل پرست انسان قرار دیا۔دریں اثنا ءکتاب میں کئے گئے متنازعہ انکشافات کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے ، درخواست گزار نے ہائی کورٹ سے کتاب پر پابندی لگانے کی استدعا کی ہے ۔
وقت اشاعت : 08/05/2019 - 12:30:51

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :