’سرپرائز پیکج‘محمد حسنین اپنی رفتار سے بیٹسمینوں کو پریشان کرنے کیلئے تیار

میں اپنا نام اور مقام بنانے کی پوری کوشش کروں گا:سپیڈ سٹار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 17 مئی 2019 12:57

’سرپرائز پیکج‘محمد حسنین اپنی رفتار سے بیٹسمینوں کو پریشان کرنے کیلئے تیار
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17مئی 2019ء) ’سرپرائز پیکج‘ محمد حسنین کی آنکھوں میں ورلڈ کپ کا خواب جھلملانے لگا۔4 برس قبل آسٹریلیا کے سابق کپتان سٹیووا نے محمد حسنین کوباﺅلنگ کرتے ہوئے دیکھ کر کہا تھا کہ وہ ایک روز انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنا مقام بنائیں گے۔ 19 سالہ حسنین نے تیز رفتار بولنگ کی بدولت برق رفتاری سے پاکستانی ورلڈ کپ سکواڈ میں جگہ بناکر سٹیووا کی پیشگوئی کو درست ثابت کردیا ہے۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق انھیں سرپرائز پیکج قرار دیتے ہیں۔محمد حسنین نے رواں برس پی ایس ایل میں صلاحیتوں کے عمدہ جوہر دکھائے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چیمپئن بنوانے کے ایک ہفتے میں وہ پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کرچکے تھے۔ایک انٹر ویومیں حسنین نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی اور ورلڈ کپ سکواڈ میں شمولیت میرے لیے دہری خوشی کا باعث ہے، میں اپنی سپیڈ سے بیٹسمینوں کو پریشان کرنے کیلئے تیار ہوں، میں تیز رفتاری سے باﺅلنگ کرنا پسند کرتا ہوں اور یہی میرا سب سے مضبوط پوائنٹ ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہاکہ میں جانتا ہوں کہ انگلینڈ سے سیریز میرے لیے بہت بڑا موقع اور اس کے بعد میگا ایونٹ شیڈول ہے، میں اپنا نام اور مقام بنانے کی پوری کوشش کروں گا۔حسنین کے سابق کرکٹ کوچ اقبال امام بھی ان کی صلاحیتوں کے معترف ہیں،انھوں نے کہا کہ 2015 ءمیں انڈر 15 ٹیم کے دورہ آسٹریلیا کے موقع پر سٹیووا سڈنی میں اپنے بیٹے آسٹن کی پرفارمنس دیکھنے آئے، جہاں پر انھوں نے شاہین آفریدی اور حسنین کو باﺅلنگ کرتے دیکھا اور ان کے کھیل میں آگے جانےکی پیشنگوئی کی، اب دونوں ہی قومی ٹیم کا حصہ ہیں۔

مکی آرتھر نے حسنین کے بارے میں کہاکہ ان میں ’ایکس فیکٹر‘ موجود ہے۔ سابق سٹار فاسٹ باﺅلر وقار یونس نے کہاکہ حسنین کافی باصلاحیت باﺅلر ہیں، میں نے ان کو مشورہ دیاکہ وہ اپنی رفتار کو مت گنوائیں جو ان کا مضبوط پوائنٹ ہے، مجھے وہ اپنے جیسے باﺅلر دکھائی دیتے ہیں۔
وقت اشاعت : 17/05/2019 - 12:57:22

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :