ورلڈ کپ سکواڈ سے جنید خان کا اخراج زیادتی ہے :شاہد آفریدی

کم عقل بھارتی عوام نے ایک تنگ نظر اور کم عقل امیدوار گوتم گمبھیر کو ووٹ دیئے:سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 25 مئی 2019 13:47

ورلڈ کپ سکواڈ سے جنید خان کا اخراج زیادتی ہے :شاہد آفریدی
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25مئی 2019ء) سابق قومی کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کے حتمی سکواڈ سے فاسٹ باو¿لر جنید خان کا اخراج زیادتی ہے اور کسی کے ساتھ بھی آخری موقع پر ایسا سلوک کیا جائے تو اسے مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ مقامی ہوٹل میں میڈیا سے گفتگو میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ جنید خان کیلئے ورلڈ کپ سکواڈ سے ڈراپ کیا جانا کسی دھچکے سے کم نہیں کیونکہ وہ کبھی ورلڈ کپ نہیں کھیل سکے اور وہ تسلیم کرتے ہیں کہ جنید خان کی جانب سے سوشل میڈیا پر منہ پر ٹیپ لگا کر تصویر شیئر کرنا مناسب بات نہیں تھی کیونکہ سنٹرل کنٹریکٹ کا پابند ہونے کے ناطے انہیں سمجھداری کا مظاہرہ کرنا چاہئے تھا تاہم یہ اور بات ہے کہ اگر وہ جنید خان کی جگہ ہوتے تو مایوسی میں ایسا ہی کچھ کرتے۔

(جاری ہے)

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ جنید خان کا ابھی لمبا کیریئر باقی ہے لہٰذا وہ اپنے موقع کا انتظار کریں جو انہیں ضرور ملے گا۔بھارتی انتخابات میں سابق کرکٹر گوتم گمبھیر کی کامیابی پر شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ بھارتی عوام کی عقل پر ماتم کرنے کو دل چاہتا ہے کہ انہوں نے ایک تنگ نظر اور کم عقل امیدوار کو ووٹ دیئے جبکہ پاکستان اور اسلام مخالف نریندر مودی کی کامیابی پر بھی وہ حیران ہیں۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان ہمیشہ اچھے تعلقات اور روابط کی بات کرتے ہیں اور دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان اچھے تعلقات ہوں تو اسی میں عوام کی بہتری ہے۔ ایک سوال پر سابق کپتان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ورلڈ کپ جیت سکتا ہے لیکن اس کیلئے تمام قومی کرکٹرز کو سو فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔
وقت اشاعت : 25/05/2019 - 13:47:25

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :