عمران خان کو سر عام سرفراز احمد کو ہدایات نہیں دینی چاہیئے تھیں :نجم سیٹھی

وزیر اعظم کے ٹویٹ سے سرفراز پر بلاوجہ کا پریشر آگیا اور پھر بات نہ ماننے کی وجہ سے تنقید بھی ہوئی:سابق چیئر مین پی سی بی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 20 جون 2019 11:13

عمران خان کو سر عام سرفراز احمد کو ہدایات نہیں دینی چاہیئے تھیں :نجم سیٹھی
لندن(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20جون2019ء) سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران کو پاک بھارت میچ کے حوالے سے اگر سرفراز احمد کو ہدایات دینی تھیں تو سر عام دینے کی بجائے فون کرکے دے دیتے۔یاد رہے کہ 16 جون کو ورلڈ کپ کے سب سے اہم پاک بھارت میچ سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے سوشل میڈیا پر کپتان سرفراز احمد کو جیت کیلئے مشورے دیئے تھے۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ’ وہ آج سپیشلسٹ بلے بازوں اور باﺅلرز کو کھلا ئیں، اس میچ کے لیے پاکستان کو ریلو کٹوں پر انحصار نہیں کرنا چاہئے‘۔سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے ایک انٹر ویو میں کہا کہ عمران خان کے ٹویٹ سے سرفراز احمد پر بلاوجہ کا پریشر آگیا اور پھر بات نہ ماننے کی وجہ سے تنقید بھی ہوئی۔

(جاری ہے)

نجم سیٹھی نے مزید کہا کہ پاکستان ٹیم کی کارکردگی پر ہرکوئی دکھی ہے لیکن حوصلہ نہیں ہارنا چاہئے، پاکستان کرکٹ بورڈ کی انتظامیہ ٹیم کو خاص سپورٹ نہیں کررہی۔

انہوں نے کہا کہ بورڈ کی وجہ سے ٹیم کے کپتان، کوچ اور پلیئرز سب عدم تحفظ کا شکار ہیں، ہر کسی کو یہ ڈر ہے کہ وہ ورلڈ کپ کے بعد رہے گا یا نہیں،ٹیم مینجمنٹ کی ذمہ داری ہے کہ وہ ٹیم کو متحد رکھے۔نجم سیٹھی نے دعوی کیا کہ کھلاڑیوں نے بڑے بڑے لوگوں سے تعلقات بنائے رکھنے کے لیے پبلک ریلیشنز ایجنٹ رکھ لیے ہیں ۔
وقت اشاعت : 20/06/2019 - 11:13:22

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :