پچھلے اتوار کو خودکشی کرنا چاہتا تھا ، مکی آرتھر کا خوفناک انکشاف

کھلاڑی بہت مایوس تھے اور کئی راتوں تک ٹھیک سے سو بھی نہیں سکے:ہیڈ کوچ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 24 جون 2019 17:08

پچھلے اتوار کو خودکشی کرنا چاہتا تھا ، مکی آرتھر کا خوفناک انکشاف
لندن(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24جون2019ء) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت کے خلاف میچ میں پاکستانی ٹیم کی ناکامی کے بعد انہوںنے خودکشی کے بارے میں سوچا تھا ۔ بھارت کے خلاف قومی ٹیم کی شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیم کی پرفارمنس کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ کپتان سرفراز احمد کی میچ کے دوران جمائی لینے کی ویڈیو اور کوچ مکی آرتھر پر بھی کڑی تنقید کی گئی تھی۔

جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں کامیابی کے بعد مکی آرتھر نے پریس کانفرنس کے دوران انکشاف کیا کہ گزشتہ اتوار کو بھارت کے خلاف شکست کے بعد انہوں نے خودکشی کے بارے میں سوچا تھا لیکن پھر خود کو اور کھلاڑیوں کو سمجھایا کہ یہ صرف ایک بری پرفارمنس تھی،سوشل میڈیا ، میڈیا اور عوام کی کڑی تنقید کے باعث کھلاڑی بہت مایوس تھے اور کئی راتوں تک ٹھیک سے سو بھی نہیں سکے۔

(جاری ہے)

مکی آرتھر کا مزید کہنا تھا کہ وہ صرف یہ جانتے ہیں کہ جب بھی قومی ٹیم کے لیے کرو یا مرو کا وقت آتا ہے تب یہ کھلاڑی اپنی بہترین پر فارمنس دیتے ہیں،امید ہے کہ آج کی اس کارکردگی نے بہت سے لوگوں کی زبانیں بند کردی ہوں گی،یہ دیکھنے کے لائق ہے کہ صرف ایک ہفتہ کیا کچھ کرسکتا ہے۔مکی آرتھر کا مزید کہنا تھا کہ جب بھی پاکستانی ٹیم بہترین کرکٹ کھیلے تو کسی کو بھی ہرا سکتی ہے ،پھر چاہے وہ جنوبی افریقہ ہو، نیوزی لینڈ ہو یا بنگلہ دیش۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب ایک دوسرے سے یہی کہہ رہے تھے کہ صرف ایک اچھی کارکردگی ہمارے حوصلے بڑھا سکتی ہے اور جنوبی افریقہ کیخلاف میچ میں جس طرح فخر زمان اور امام الحق نے آغاز فراہم کیا اور پھر حارث سہیل نے بیٹنگ کی، باﺅلرز نے بھی اچھی کارکردگی دکھائی اور ہم جیت گئے۔ انہوں نے کہا کہ صرف ایک کارکردگی آپ کو ہیروز سے زیرو بنا دیتی ہے اور صرف ایک کارکردگی ہی آپ کو پھر ہیرو بنا دیتی ہے اور لوگ آپ کی شکست کو بھول جاتے ہیں۔
وقت اشاعت : 24/06/2019 - 17:08:29

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :