دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کے درمیان میچز کی تعداد اور وینیوز کے حوالے سے بات چیت جاری ہے، معاملات جلد طے ہو جانے کے بعد دورے کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔ جبکہ بنگلہ دیش کی خواتین اور انڈر 16 ٹیم کے دورے کی کامیابی کی صورت میں بنگلہ دیش اپنی سینئر کرکٹ ٹیم بھی پاکستان بھیجے گا۔ ذرائع کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ پاکستان کے ساتھ پاکستان میں ہی مکمل سیریز کھیلنے کیلئے راضی ہو سکتا ہے۔ جبکہ واضح رہے کہ دوسری جانب سری لنکا بھی پاکستان میں آ کر ٹیسٹ میچ کھیلنے کیلئے راضی ہو چکا ہے۔ قوی امکان ہے کہ سری لنکا پاکستان کے ساتھ ستمبر میں شیڈول ٹیسٹ میچ لاہور میں کھیلے گا۔ اگر پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ستمبر میں شیڈول ٹیسٹ سیریز کا ایک میچ لاہور میں کھیلا گیا، تو اس سے 10 سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی ہوگی۔ پاکستان نے اپنی سرزمین پر آخری ٹیسٹ میچ سری لنکا کے خلاف ہی کراچی میں کھیلا تھا۔ جبکہ لاہور میں شیڈول ٹیسٹ میچ کے دوران سری لنکن ٹیم پر حملہ ہوا تھا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز منسوخ کر دی گئی تھی، اور پاکستان سے بین الاقوامی کرکٹ برسوں کیلئے روٹھ گئی تھی۔