سعید اجمل نے قومی ٹیم کا باﺅلنگ کوچ بننے میں دلچسپی ظاہر کردی

کپتان بدلنا ہے تو بابر اعظم بہترین چوائس ہے:سابق آف سپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 30 جولائی 2019 17:05

سعید اجمل نے قومی ٹیم کا باﺅلنگ کوچ بننے میں دلچسپی ظاہر کردی
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30 جولائی 2019ء) سابق ٹیسٹ کرکٹر سعید اجمل نے قومی ٹیم کے بولنگ کوچ بننے میں بھی دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم کے لیے میری خدمات حاضر ہیں، خواہش ہے کہ اپنے تجربے سے قومی ٹیم کی کامیابیوں میں بطور کوچ بھی کردار ادا کرسکوں۔ 2008ءسے2015ءکے دوران 35 ٹیسٹ میچوں میں 178، 113 ایک روزہ میچوں میں 184 اور 64 ٹی ٹونٹی مقابلوں میں 85 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانے والے 41 سالہ سابق آف سپنر سعید اجمل کاکہنا تھا کہ انگلینڈ اور پی سی بی کے لیول ٹو کوچنگ کورس پاس کرچکا ہوں، اب اپریل میں لیول تھری کورس میں شرکت کروں گا، ان دنوں اپنی اکیڈمی میں 200 زیادہ بچوں کی کوچنگ کررہاہوں،میری رائے میں قومی ٹیم کے لیے ملکی کوچز زیادہ بہتر ثابت ہوسکتے ہیں۔

قومی ٹیم کے کپتان کی تبدیلی کے سوال پر سعید اجمل کا موقف تھا کہ اگر کپتان کی تبدیلی ضرور ہے تو پھر میرے نزدیک ٹیسٹ اور ون ڈے کے لیے بابر اعظم بہترین چوائس ہوسکتے ہیں، کپتان بناتے وقت صرف پرفارمنس کو ذہن میں رکھنا چاہیے اور اس وقت بابر اعظم واحد کھلاڑی ہیں جو تینوں فارمیٹ میں شاندار پرفارمنس دے رہے ہیں، اگر کپتان پرفارمنس دے رہا ہوگا تو دوسرے لڑکوں کوبھی تحریک ملے گی کہ وہ بھی اچھے کھیل کا مظاہرہ کریں گے، ہمیں کپتان بناتے ہوئے یہ نہیں سوچنا چاہیے کہ کون انگلش زیادہ اچھی بولتا ہے، فٹبال سمیت کئی کھیلوں میں کھلاڑی اپنی مادری زبان میں بات کرتے ہیں،وقت کے ساتھ انسان سب سیکھ جاتاہے۔

(جاری ہے)

سعید اجمل نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے آغاز کو سراہتے ہوئے اسے ٹیسٹ کرکٹ کےلئے بہترین قدم قرار دیا، ان کی رائے میں لوگ ٹیسٹ کرکٹ سے دور ہوتے جارہے تھے، خاص طورپر پر ایشیائی ممالک میں کھیل کو فروغ ملے گا اور نوجوانوں کی اس میں دلچسپی بھی بڑھے گی۔ انہوں نے محمدعامر کے ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہنے کے پاکستان کے لیے جھٹکا قرار دیتے ہوئے کہا اتنی جلدی ایک اہم باﺅلر کی محرومی سے ٹیم کی پرفارمنس متاثر ہوگی۔
وقت اشاعت : 30/07/2019 - 17:05:44

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :