پاکستان کرکٹ بورڈ کے آئین میں بڑی تبدیلیاں کردی گئیں

پیٹرن انچیف وزیر اعظم عمران خان کے اختیارات محدود،کپتان اور نائب کپتان کی تعیناتی کیلئے چیئرمین،سی ای او، سلیکشن کمیٹی سے مشاورت لازم قرار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 17 اگست 2019 14:05

پاکستان کرکٹ بورڈ کے آئین میں بڑی تبدیلیاں کردی گئیں
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17 اگست 2019ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اپنے آئین میں بڑی تبدیلیاں کر دی ہیں جس کے تحت بورڈ آف گورنرز کو طاقت کا سرچشمہ قرار دےدیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق مینیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) کا عہدہ ختم کرنے کے بعد چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کا نیا عہدہ متعارف کرایا گیا ہے جسے بے تحاشہ اختیارات دیئے گئے ہیں۔

دوسری جانب نئے آئین کے مطابق پیٹرن انچیف کا کرداربھی محدود کردیا گیا ہے جو ضرورت پڑنے پر بورڈ کو مختلف ہدایات نظرثانی کیلئے بھیج سکے گا جبکہ سابقہ آئین میں پیٹرن انچیف کی جانب سے بھیجی گئی تمام سفارشات پر عملدرآمد لازمی تھا۔خیال رہے پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن ان چیف وزیراعظم عمران خان ہیں۔ذرائع کے مطابق ترمیمی آئین میں چیئرمین پی سی بی کے پالیسی فیصلوں سے متعلق پیٹرن انچیف کو آگاہ کرنے کی شق بھی ختم کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ چیئرمین کا اہم تعیناتیوں کیلئے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور بورڈ آف گورنرز سے منظوری لینا لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ قومی ٹیم کے کپتان اور نائب کپتان کی تعیناتی کیلئے چیئرمین، چیف ایگزیکٹو آفیسر اور سلیکشن کمیٹی سے مشاورت کرنا ضروری ہو گی۔نئے آئین کی روشنی میں چیئرمین پی سی بی سالانہ کارکردگی رپورٹ اے جی ایم کے سامنے پیش کرنے کے پابند ہوں گے جبکہ ان کی عدم موجودگی میں تمام اختیارات وائس چیئرمین کو سونپے جائیں گے۔

وائس چیئرمین کی تعیناتی پی سی بی آئین کے مطابق بورڈ آف گورنرز کرےگا اور انکی عدم موجودگی میں اختیارات سی ای او کے سپرد ہوں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے سی ای او کی تعیناتی اور ذمہ داریوں کا تعین چیئرمین کی سفارش پر بورڈ آف گورنرز کرےگا۔نئے آئین کے مطابق سی ای او اپنی کوئی ذمہ داری کسی بھی افسر کو سونپ سکتے ہیں لیکن اس پہلے چیئرمین کو آگاہ کرنا ضروری ہو گا۔ذرائع نے بتایا ہے کہ سی ای او کی غیرموجودگی یا برطرفی کی صورت میں چیئرمین عارضی اختیارات کسی بھی افسر کو سونپنے کے مجاز ہوں گے۔
وقت اشاعت : 17/08/2019 - 14:05:18

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :