لارڈز ٹیسٹ، آسٹریلوی ٹیم پہلی اننگز میں 250 رنز پر آئوٹ، سمتھ 92 رنز بنا کر نمایاں، براڈ کی 4 اور ووکس کی 3 وکٹیں، انگلینڈ نے دوسری اننگز میں 4 وکٹوں پر 96 رنز بنا کر مجموعی طور پر 104 رنز کی برتری حاصل کر لی

ہفتہ 17 اگست 2019 23:20

لارڈز ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2019ء) آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سلسلے میں انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان جاری دوسرے ایشز ٹیسٹ میچ میں آسٹریلوی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 250 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، سٹیون سمتھ نے ایک مرتبہ مشکل وقت میں انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 92 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو مکمل تباہی سے بچایا، 6 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں ناکام رہے، براڈ نے 4 اور ووکس نے 3 وکٹیں لیں۔

انگلش ٹیم نے چوتھے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 96 رنز بنا کر مجموعی طور پر 104 رنز کی برتری حاصل کر لی تھی، بین سٹوکس 8 اور جوز بٹلر 4 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، کمنز اور سڈل نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو لارڈز ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز آسٹریلوی ٹیم نے 80 رنز 4 کھلاڑی آئوٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو سٹیون سمتھ 13 رنز پر کھیل رہے تھے، دن کے آٹھویں اوور میں براڈ نے میتھیو ویڈ کو آئوٹ کر کے ٹیم کو پانچویں کامیابی دلائی، وہ 6 رنز بنا سکے، اس کے بعد کپتان ٹم پین نے سمتھ کا ساتھ دینے کی کوشش کی لیکن 162 کے مجموعی سکور پر پین 23 رنز بنانے کے بعد جوفرا آرچر کی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے، 203 کے مجموعی سکور پر سمتھ آرچر کی گیند لگنے سے ریٹائرڈ ناٹ آئوٹ ہوئے، 218 کے سکور پر پیٹرسڈل 9 رنز بنا کر ووکس کی گیند کا نشانہ بنے، ان کے آئوٹ ہونے کے بعد سمتھ دوبارہ بیٹنگ کیلئے میدان میں آئے اور 92 کے انفرادی سکور پر ووکس کی گیند پر آئوٹ ہو گئے، نیتھن لیون 6 رنز بنا کر چلتے بنے، انہیں جیک لیچ نے اپنا شکار بنایا، 250 کے سکور پر آسٹریلیا کی آخری وکٹ گری جب پیٹ کمنز 20 رنز بنانے کے بعد براڈ کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، اسطرح انگلش ٹیم کو 8 رنز کی برتری مل گئی۔

براڈ نے 4، ووکس نے 3 آرچر نے 2 اور لیچ نے 1 وکٹ لی۔ جواب میں انگلش ٹیم نے چوتھے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں 4وکٹوں پر96 رنز بنا کر مجموعی طور پر 104 رنز کی برتری حاصل کر لی تھی، انگلش ٹیم دوسری اننگز کیلئے جب میدان میں اتری تو اننگز کے 5ویں اوور میں کمنز نے مسلسل دو گیندوں پر جیسن روئے اور کپتان جوروٹ کو آئوٹ کر کے ٹیم کو اہم کامیابیاں دلوائیں، روئے 2 اور روٹ بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، اس موقع پر روری برنز اور جوئے ڈینلی نے ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی لیکن 64 کے سکور پر سڈل نے ڈینلی کو آئوٹ کر کے پارٹنرشپ توڑ دی، وہ 26 رنز بنا سکے، ان کے آئوٹ ہونے کے بعد برنز کی ہمت بھی جواب دے گئی اور وہ 29 رنز بنا کر سڈل کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، اس موقع پر بین سٹوکس اور جوز بٹلر نے محتاط انداز اپنایا اور مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا، سٹوکس 8 اور بٹلر 4 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں، سڈل اور کمنز نے دو، دو وکٹیں لیں۔

وقت اشاعت : 17/08/2019 - 23:20:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :