قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی

مصباح الحق نے قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹرز کے عہدے ملنے کے بعد اپنی کرکٹ کٹ کو ہمیشہ کیلئے پیک کر لیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 5 ستمبر 2019 00:06

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 ستمبر2019ء) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی، مصباح الحق نے قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹرز کے عہدے ملنے کے بعد اپنی کرکٹ کٹ کو ہمیشہ کیلئے پیک کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے تمام طرز کی کرکٹ کو ہمیشہ کیلئے خیرباد کہہ دیا ہے۔

مصباح الحق نے ایک روزہ، ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کو 2015 میں خیرباد کہہ دیا تھا۔ جبکہ ٹیسٹ کرکٹ کو 2017 میں خیرباد کہا تھا۔ بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد مصباح الحق گزشتہ 2 برسوں سے پاکستان سپر لیگ اور ڈومیسٹک کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ تاہم اب مصباح الحق نے قومی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کی ذمے داری ملنے کے بعد اپنی کرکٹ کٹ کو ہمیشہ کیلئے پیک کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

مصباح الحق اب دوبارہ کبھی بھی میدانوں پر کرکٹ کھیلتے نظر نہیں آئیں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان مصباح الحق کوقومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر جبکہ وقار یونس کو بولنگ کوچ مقرر کردیا ہے،مصباح الحق اور وقار یونس کو تین، تین سال کا کنٹریکٹ دیا گیا ہے ۔کوچز کی تلاش کے لیے قائم کردہ 5 رکنی پینل نے متفقہ طور پر مصباح الحق کا نام پیش کیا۔

پینل میں انتخاب عالم، بازید خان، اسد علی خان، وسیم خان اور ذاکر خان شامل تھے ۔دونوں کوچز کے ناموں کی منظوری چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے دی ۔مصباح الحق اور وقار یونس کی قومی کرکٹ ٹیم کے ہمراہ پہلی اسائنمنٹ سری لنکا کے خلاف سیریز ہوگی ۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 ایک روزہ اور 3 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز 27 ستمبر سے شروع ہوگی ۔مصباح الحق نے کہا ہے کہ قومی کرکٹ کی کوچنگ کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، اس نئی ذمہ داری کو نبھانے کے لیے مکمل تیار ہوں۔چیف ایگزیکٹو محمد وسیم نے کہا کہ امید ہے قومی کرکٹ کو مصباح الحق کی قائدانہ صلاحیتوں کا فائدہ ہوگا، کوچز کے لیے درخواست جمع کروانے والے تمام درخواست گزاروں کے مشکور ہیں۔
وقت اشاعت : 05/09/2019 - 00:06:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :