سری لنکا کی جانب سے مثبت پیغام ملنے کے بعد پاکستان میں 10 برسوں کے بعد ٹیسٹ میچز کے انعقاد کے امکانات بڑھ گئے

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز دسمبر میں شیڈول ہے اور اس سیریز میں دو ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے، ذرائع

اتوار 20 اکتوبر 2019 15:10

سری لنکا کی جانب سے مثبت پیغام ملنے کے بعد پاکستان میں 10 برسوں کے بعد ٹیسٹ میچز کے انعقاد کے امکانات بڑھ گئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2019ء) سری لنکا کی جانب سے مثبت پیغام ملنے کے بعد پاکستان میں 10 برسوں کے بعد ٹیسٹ میچز کے انعقاد کے امکانات بڑھ گئے ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سری لنکا کرکٹ کی جانب سے دسمبر میں دونوں ٹیسٹ میچز پاکستان میں کھیلنے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کو مثبت اشارے مل رہے ہیں۔ یاد رہے کہ سری لنکا کرکٹ ٹیم نے حال ہی میں مختصر دورانیے کی کرکٹ کیلئے پاکستان کا دورہ کیا اور کراچی میں ون ڈے جب کہ لاہور میں ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلی۔

کامیاب سیریز کے بعد اب اس بات کے امکانات بڑھ گئے ہیں کہ شیڈول کے مطابق ٹیسٹ سیریز بھی پاکستان میں ہی ہو گی۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز دسمبر میں شیڈول ہے اور اس سیریز میں دو ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ایف ٹی پی میں شامل یہ سیریز آئی سی سی ٹیسٹ چمپئن شپ کا حصہ ہے۔ ٹیسٹ سیریز کیلئے کراچی اور راولپنڈی سامنے آئے ہیں۔ ایک ٹیسٹ میچ کراچی جب کہ ایک ٹیسٹ راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

لاہور کے وینیو میں دسمبر کو موسم رکاوٹ ہے، دسمبر کے مہینے میں دھند پڑنے کے امکانات ہوتے ہیں جس کی وجہ سے میچ متاثر ہونے کا خدشہ ہوتا ہے، اس لیے راولپنڈی کے وینیو کو زیر غور لایا گیا تاکہ میچ بلا تعطل مکمل ہو سکے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے وینیوز کے حوالے سے سری لنکا کو بھی اعتماد میں لے لیا ، اگر یہ سیریز شیڈول کے مطابق ہو جاتی ہے تو یہ دس برس سے زائد عرصے کے بعد پاکستان میں ہونے والی پہلی ٹیسٹ سیریز ہوگی۔ آخری ٹیسٹ سیریز بھی 2009 میں پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان ہوئی تھی اور اس دوران سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ تعطل کا شکار ہو گئی تھی۔
وقت اشاعت : 20/10/2019 - 15:10:18

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :