ناقص فارم کا شکار فخر زمان اور آصف علی قومی ٹیم پر بوجھ بننے لگے

تیسرے اور اہم ترین ٹی ٹونٹی میں اما م الحق اور خوشدل شاہ کو موقع ملنے کا امکان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 6 نومبر 2019 12:50

ناقص فارم کا شکار فخر زمان اور آصف علی قومی ٹیم پر بوجھ بننے لگے
پرتھ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔6نومبر2019ء) قومی ٹیم کے جارح مزاج بلے باز فخر زمان اور آصف علی کی ناکامیوں کا سلسلہ دراز ہوتا جا رہا ہے اور پاکستانی ٹیم کی ٹی ٹونٹی مقابلوں میں شکستوں کا سلسلہ بھی رکنے کا نام نہیں لے رہا۔ ایک طرف باﺅلرز اچھی کارکردگی دکھانے سے قاصر ہیں تو وہیں بابر کے سوا کوئی اور بلے باز بھی مستقل مزاجی سے رنز سکور نہیں کر پا رہا تاہم سب سے تشویشناک بات فخر زمان اور آصف علی مستقل ناکامی ہے۔

پاکستان کو ٹی20 کی عالمی نمبر ایک ٹیم بنوانے میں اہم کردار ادا کرنےوالے دونوں کھلاڑیوں کا بلا اب کافی عرصے سے خاموش ہے۔فخر زمان گزشتہ5 اننگز میں ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے جبکہ ڈومیسٹک سطح پر رنز کے انبار لگانےوالے آصف علی اب تک 25 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں ایک بھی ففٹی نہیں بنا سکے،فخر زمان تقریباً ڈیڑھ سال اور گزشتہ 12 میچوں کے دوران ایک بھی نصف سنچری سکور نہیں کرسکے،اوپننگ بلے باز نے آخری نصف سنچری گزشتہ سال ہرارے میں آسٹریلیا کےخلاف سہ ملکی سیریز کے فائنل میں سکور کی تھی ،گزشتہ 12 ٹی20 میچوں میں فخر کا سب سے زیادہ سکور 24 رنز تھا اور وہ کم و بیش تمام ہی میچوں میں ایک ہی طریقے سے وکٹ گنوا کر پویلین لوٹے۔

(جاری ہے)

فخر زمان کے متبادل کے طور پر امام الحق ٹی ٹونٹی ٹیم میں تیسرے اوپنر کی حیثیت سے موجود ہیں اور عین ممکن ہے کہ فخر کی جگہ انہیں تیسرے ٹی ٹونٹی میں موقع دیا جائےگا جبکہ فخر کی ناکامی کے ساتھ ہی شرجیل خان کی بھی قومی ٹیم میں واپسی کی راہ ہموار ہو رہی ہے۔دوسری جانب ڈومیسٹک کرکٹ اور پاکستان سپر لیگ میں جارحانہ بیٹنگ سے رنز کے ڈھیر لگانےوالے آصف علی کی کارکردگی انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک معمہ بنی ہوئی ہے۔

ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی جارحانہ بیٹنگ اور چھکے چوکوں سے حریف باﺅلرز کے ہوش اڑانےوالے آصف علی انٹرنیشنل کرکٹ میں مسلسل مستقل فلاپ ہو رہے ہیں،آصف علی ابتک 25 ٹی ٹونٹی میچوں میں صرف 331 رنز بناسکے ہیں۔یکم اپریل 2018 ءکو کراچی میں ڈیبیو کرنےوالے آصف علی ابتک انٹرنیشنل ٹی ٹونٹی کرکٹ میں ایک بھی نصف سنچری سکور نہیں کر سکے اور ان کا سب سے زیادہ سکور 41 رنز ہے،آصف علی کی حالیہ ناکامیاں نئی ٹیم مینجمنٹ کےلئے بھی دردسر بن چکی ہے اور تیسرے ٹی20 میچ میں ان کی جگہ سکواڈ میں موجود خوشدل شاہ کو بھی موقع دیا جا سکتا ہے۔
وقت اشاعت : 06/11/2019 - 12:50:22

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :