جلد دیگر ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی:دیموتھ کرونارتنے

پہلے یہاں آنے سے انکار کیا تھا، اب احساس ہوا کہ یہ مکمل محفوط ماحول ہے جس میں باہربھی جا سکتے ہیں:سری لنکن کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 18 دسمبر 2019 15:06

جلد دیگر ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی:دیموتھ کرونارتنے
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18 دسمبر2019ء) سری لنکن ٹیم کے کپتان دیموتھ کرونارتنے نے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جلد دیگر ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی،پہلے یہاں آنے سے انکار کیا تھالیکن مختصر فارمیٹس کے میچز کھیلنے والے پلیئرز کی آراءنے حوصلہ افزائی کی،اب احساس ہوا کہ یہ مکمل محفوط ماحول ہے جس میں باہربھی جا سکتے ہیں۔

سری لنکن کپتان دیموتھ کرونارتنے کا کہنا ہے کہ انہوں نے ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے پاکستان آنے سے انکار کیا تھا لیکن وہ یہاں سیکیورٹی انتظامات دیکھ کر خوش اور خود کو مکمل محفوظ تصور کر رہے ہیں۔انکا کہنا تھا کہ وہ پہلی مرتبہ پاکستان آئے ہیں کیونکہ انہیں گزشتہ بار تھوڑی سی ہچکچاہٹ تھی لیکن مختصر فارمیٹس کے میچز کھیل کر سری لنکا واپس جانےوالے سری لنکن کھلاڑیوں کی جانب سے فیڈبیک ان کیلئے حوصلہ افزاءثابت ہوا جنہوں نے سکیورٹی کے حوالے مکمل اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا جسکے بعد انہوں نے ٹیسٹ سیریز کیلئے پاکستان آنےکا فیصلہ کرلیا۔

(جاری ہے)

دیموتھ کرونا رتنے کا کہنا تھا کہ جب وہ پاکستان پہنچے تو انہیں ماحول کافی حد تک خوشگوار محسوس ہوا اور بہترین سکیورٹی کےساتھ ان کے تمام کھلاڑی بھی اس کا بھرپور لطف اٹھا رہے ہیں کیونکہ انہیں شاپنگ کیلئے جانے کا بھی موقع ملا اور اندازہ ہوا کہ باہر جانے کیلئے حالات بالکل محفوظ ہیں جسکے بعد توقع ہے کہ کرکٹ کھیلنے والے دیگر ممالک کی ٹیمیں بھی آئندہ چند برسوں کے دوران پاکستان میں کرکٹ کھیلتی نظر آئیں گی۔

31سالہ سری لنکن کپتان نے کل سے شروع ہونےوالے کراچی ٹیسٹ میں بہترین کھیل کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سلسلے کا میچ ہے جس میں ہر ٹیم کی طرح انکی بھی خواہش ہے کہ زیادہ سے زیادہ پوائنٹس حاصل کئے جائیں جو اولین ترجیح بھی ہے کیونکہ بدقسمتی سے راولپنڈی میں پہلے ٹیسٹ کے دوران انہیں بہت زیادہ کرکٹ کھیلنے کا موقع نہیں ملا لیکن توقع ہے کہ کراچی میں پانچوں دن کا کھیل ملے گا اور وہ مثبت نتیجے کیلئے میدان میں اتریں گے۔

دیموتھ کرونارتنے کا کہنا تھا کہ ون ڈے کرکٹ کیلئے ایشیاءکپ،ورلڈ کپ اور چیمپئنز ٹرافی جیسے ٹورنامنٹ موجود ہیں جبکہ ٹی ٹونٹی فارمیٹ کیلئے علیحدہ ایونٹس کرائے جاتے ہیں لیکن ٹیسٹ کرکٹ میں ایسا کوئی تصور موجود نہیں تھا لہٰذا آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ طویل فارمیٹ کی کرکٹ کیلئے ایک ایسے ٹورنامنٹ کی فراہمی ہے جسکی بدولت ٹیسٹ کرکٹ کو دلچسپ بنانےکی کوشش کی گئی ہے اور اب اسکا ہر میچ ماضی کے مقابلے میں بہت زیادہ اہمیت اختیار کرگیا ہے اور اسکے سہارے طویل فارمیٹ کی کرکٹ کا مستقبل بھی مضبوط اور مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔

آئی لینڈر کپتان کا مزید کہنا تھا کہ وہ اس نئے تصور کا بھرپور لطف اٹھا رہے ہیں اور امید ہے کہ آنےوالے میچوں میں انکی جانب سے بہتر کارکردگی دیکھنے میں آئےگی۔
وقت اشاعت : 18/12/2019 - 15:06:05

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :