پاکستان اور عمان کے مابین ماسٹر ہاکی سریز کا دوسرا میچ 3-3 گول سے برابر

بدھ 22 جنوری 2020 20:16

پاکستان اور عمان کے مابین ماسٹر ہاکی سریز کا دوسرا میچ 3-3 گول سے برابر
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2020ء) اولمپئین اصلاح الدین و ڈاکٹر محمد علی شاہ ہاکی اکیڈمی میں پاکستان اور عمان کی ہاکی ٹیموں کے مابین جاری ماسٹر ہاکی سیریز کا دوسرا میچ دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3-3 گول سے برابر ہوگیا ،، پاکستان ماسٹرز کی جانب سے اولمپئن قمر ابراھیم ، اولمپئین سمیر حسین اور اولمپئن کاشف جواد نے گول اسکور کئے جبکہ عمان کی جانب سے حمود عبداللہ حبیب ، سمیر الیاس جمن اور حسین عبداللہ نے گول اسکور کئے ،، دوسرے میچ کے مہمان خصوصی ڈی جی رینجرز سندھ عمر احمد بخاری تھے ،اولمپئن اصلاح الدین صدیقی نے مہمان خصوصی کا تعارف دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے کروایا ، مہمان خصوصی نے اپنے خطاب میں کہا کہ عمان کی ماسٹر ہاکی ٹیم کی کراچی آمد سے قومی کھیل کو فروغ ملے گا کراچی میں کھیلوں کے مقابلوں پر بہت خوشی ہوتی ہے ، کراچی میں خوشحالی آئے ، امن قائم رہے اور شہر کی اصل رونقیں بحال ہوں یہ ہی رینجرز سمیت ہر پاکستانی کی خواہش ہے ،، عمان کی ماسٹر ہاکی ٹیم کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں کہ وہ کراچی میں ہاکی سیریز کھیل رہی ہے ،، انہوں نے عمان کے مرحوم صدر سلطان قابوس کو خراج عقیدت بھی پیش کیا ،، عمان کی ہاکی ٹیم کے منیجر نے عمر احمد بخاری کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی ،، دوسرے میچ میں بھی کھلاڑیوں نے سیاہ پٹیاں باندھ کر میچ کھیلا اور سلطان قابوس کو خراج عقیدت پیش کیا ، اس موقع پر الکرم ٹاولز کے سی ای او مہتاب الدین چائولہ ، سرسید یونیورسٹی کے رجسٹرار سید سرفراز علی، سرسید یونیورسٹی کے اسپورٹس ڈائریکٹر و سابق انٹرنیشنل ہاکی کھلاڑی مبشر مختار، عامر ظفر، ڈاکٹر اسماء علی شاہ، محفوظ الحق، سمیت بڑی تعداد میں سیاسی اور سماجی شخصیات موجود تھیں ، سیریز میں پاکستان ماسٹرز ہاکی ٹیم کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے تین میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا اور آخری میچ بروز بدھ 22 جنوری کو کھیلا جائیگا۔

وقت اشاعت : 22/01/2020 - 20:16:58

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :