پی سی بی نے بنگلادیش کرکٹ بورڈ سے ڈیل کرلی

ایشیا کپ بنگلہ دیش میں ہوگا، اعلان رواں ماہ کے آخر میں کیا جائے گا۔ ذرائع

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 8 مارچ 2020 11:37

پی سی بی نے بنگلادیش کرکٹ بورڈ سے ڈیل کرلی
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔08مارچ2020ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلادیش کرکٹ بورڈ سے ڈیل کرلی۔ تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ کے بنگلہ دیش میں انعقاد کا امکان روشن ہوگیا رسمی اعلان رواں ماہ کے آخر میں ہوگا۔ ایکسپرس نیوز کے مطبابق اے سی سی کے بنگلہ دیشی سربراہ نظم الحسن نے پی سی بی کو یقین دلا دیا کہ وہ بھارتی بورڈ کو ڈھاکا آ کر کھیلنے پر آمادہ کر لیں گے۔

ٹوئنٹی 20 فارمیٹ کا ایشیا کپ ستمبر میں شیڈول ہے، اس کی میزبانی پاکستان کو سونپی گئی مگر یہاں انعقاد ہوتا دکھائی نہیں دیتا، چیئرمین پی سی بی احسان مانی بھی واضح کر چکے کہ اگر ہوم گراؤنڈ پر میچز کرانے کی ضد جاری رکھی تو بھارتی ٹیم نہیں آئے گی۔ انھوں نے نیوٹرل وینیو پر انعقاد کا عندیہ دیا مگر کسی ملک کا نام نہیں لیا تھا جبکہ دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ سارو گنگولی نے اعلان کیا تھا کہ ایشیا کپ یو اے ای میں ہوگا جس میں پاکستان اور بھارت دونوں ٹیمیں حصہ لیں گی، اس پر پی سی بی نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ فیصلہ گنگولی نہیں ایشین کرکٹ کونسل کرے گی۔

(جاری ہے)

احسان مانی نے کہا کہ ایشیاء کپ کا میزبان پاکستان ہی ہے تاہم ایشیاء کپ ہمیں نیوٹرل وینیو پر کروانا پڑے گا، اگرایشیا کپ کی میزبانی پاکستان میں کروانے کی ضد رکھی تو بھارت نہیں آئے گا، بھارتی کرکٹ بورڈ جو مرضی کہے ہمیں اس کی پروا نہیں جب کہ پی ٹی وی کے پاس براڈ کاسٹنگ کے حوالے سے زیادہ صلاحیت نہیں ہے۔واضح رہے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے مسلسل انکار کرتی رہی تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ کے سابق صدر اور آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر کی معاونت کے بعد بنگلادیش نے پاکستان آنے میں رضامندی ظاہر کی جس پرسابق کپتان راشد لطیف نے خدشہ ظاہر کیا کہ ایشیاء کپ کی میزبانی کے حوالے سے ڈیل ہوئی ہے اور اب ایشیاء کپ پاکستان میں نہیں ہوگا۔
وقت اشاعت : 08/03/2020 - 11:37:23

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :