اس بار عید شاپنگ نہیں لوگوں کی مدد کروں گا :محمد حفیظ

سوشل میڈیا پر سابق کپتان کے فالوورز نے نیک تمناؤں کا اظہار کیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 9 مئی 2020 18:19

اس بار عید شاپنگ نہیں لوگوں کی مدد کروں گا :محمد حفیظ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔9مئی 2020ء ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی محمد حفیظ اس بار روایتی انداز میں عید نہیں بنائیں گے۔ انہوں نے عید پلان سے متعلق لوگوں کو آگاہ کر دیا ہے اور اپنے مداحوں سے بھی پوچھا ہے کہ وہ کس طرح عید منائیں گے۔ محمد حفیظ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر لکھا کہ اس سال عید پر کوئی شاپنگ نہیں کریں گے بلکہ وہ اس سال اپنے اردگرد رہنے والے بہت ہی ضرورت مند افراد کی مدد کریں گے۔

سابق کپتان کے اس پیغام پر سوشل میڈیا پر ان کے فالوورز نے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس سے قبل بھی محمد حفیظ لاک ڈاؤن کے دوران کئی بار عوام سے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے اور ضرورت مند افراد کی مدد کرنے کی درخواست کرتے رہے ہیں۔ پاکستان کورونا وائرس کا پھیلاؤ دن بدن بڑھ رہا ہے اور آج بھی نئے کیسز سامنے آئے ہیں جسکے بعد ملک میں مصدقہ کیسز کی مجموعی تعداد 28 ہزار 587 ہوگئی ہے جبکہ اموات 623 تک پہنچ چکی ہیں۔

(جاری ہے)

سرکاری سطح پر سامنے آنے والے اعداد و شمار کے مطابق آج ابھی تک 1633 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز میں ملک میں ایک روز کے دوران اب تک کے سب سے زیادہ 2000 نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے تھے۔یہاں یہ بات مدنظر رہے کہ یہ 2 ہزار کیسز وزیراعظم عمران خان کے لاک ڈاؤن کو نرم کرنے کے اعلان کے ایک روز بعد سامنے آئے۔وزیراعظم نے 7 مئی کو قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد یہ اعلان کیا تھا کہ 9 مئی سے لاک ڈاؤن کو مرحلہ وار نرم کیا جائے گا۔

تاہم ملک میں کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال دن بدن تشویشناک ہورہی ہے اور پہلے سیکڑوں یا 3 ہندسوں میں آنے والے کیسز 4 ہندسوں تک پہنچ گئے ہیں جبکہ اموات کی تعداد بھی دگنی ہوگئی ہے۔صرف مئی کی بات کریں تو یکم مئی سے 8 مئی تک 226 اموات اور 10 ہزار سے زائد کیسز دیکھے گئے ہیں۔آج بھی ملک میں کورونا کے نئے مریض سامنے آئے، تاہم صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔
وقت اشاعت : 09/05/2020 - 18:19:40

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :