پاک بھارت باہمی کرکٹ،وقار یونس نے آوازبلند کردی

دونوں ممالک کے 95 فیصدلوگ آپس کے میچز کی حمایت کرینگے ،مقابلوں کاعمران کپل یا آزادی سیریز سمیت کوئی بھی نام رکھا جا سکتا ہے :قومی باؤلنگ کوچ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 2 جون 2020 15:58

پاک بھارت باہمی کرکٹ،وقار یونس نے آوازبلند کردی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔2 جون 2020ء ) قومی باؤلنگ کوچ وقار یونس نے بھی پاک بھارت باہمی کرکٹ کیلئے آواز بلند کردی جن کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے لوگوں سے سوال پوچھا جائے تو 95 فیصد آپس کے میچز کی حمایت کرینگے ، مقابلوں کاعمران کپیل یا آزادی سیریز سمیت کوئی بھی نام رکھا جا سکتا ہے ،اندازہ نہیں کہ ایسا ہونا کب تک ممکن ہے لیکن پاکستان یا بھارت میں باہمی میچز کو بحال ہونا چاہئے ،دنیا بھر میں سب سے زیادہ دلچسپی سے دیکھے جائیںگے ۔

تفصیلات کیمطابق پاکستان کے سابق لیجنڈفاسٹ باؤلر، کپتان اورموجودہ باؤلنگ کوچ وقار یونس نے پاک بھارت باہمی مقابلوں کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے کہا ہے کہ اکثر لوگ پاکستان اور بھارت کو میدان میں مقابلہ کرتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں اور اگر ایسا ہوا تو یہ دنیا میں سب سے زیادہ دیکھی جانیوالی سیریز ثابت ہو گی۔

(جاری ہے)

وقار یونس کا کہنا تھا کہ اگر دونوں ممالک کے شائقین کرکٹ سے پوچھا جائے تو 95 فیصدی افراد کا یہی جواب ہوگا کہ وہ پاکستان اور بھارت کو کرکٹ کھیلتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں خواہ ان مقابلوں کو عمران کپیل سیریز کا نام دے دیا جائے یا آزادی سیریز سمیت کوئی اور نام رکھا جا سکتا ہے مگر پڑوسی ممالک کو اب باہمی سیریز کھیلنا چاہئے جو دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہٹ ثابت ہوگی۔

قومی باؤلنگ کوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کو آپس میں کرکٹ کھیل کر دونوں ممالک کے شائقین کی مایوسی کو ختم کرنا چاہئے جو برسوں سے باہمی مقابلوں کے منتظر ہیں۔واضح رہے کہ دونوں ممالک نے آخری باہمی سیریز13-2012ء میں کھیلی تھی تاہم اس کے بعد صرف آئی سی سی ٹورنامنٹس یا اوے ایونٹس میں ہی میچز کھیلے جا سکے ہیں۔وقار یونس کے مطابق انہیں پوری امید ہے کہ بہت جلد پاکستان اور بھارت کے درمیان میچز دیکھنے کا موقع ملے گا مگر انہیں پاکستان یا بھارت میں ہی ہونا چاہئے کیونکہ اسی طرح دونوں ممالک کے درمیان روابط کی بہتری میں بھی مدد مل جائیگی۔

سابق پیسر کو اندازہ نہیں کہ ایسا ہونا کب تک ممکن ہے لیکن ان کا کہنا ہے کہ باہمی سیریز کا انعقاد پاکستان یا بھارت میں ہو تو زیادہ بہتر ہے کیونکہ اگر یہ میچز کسی غیر جانبدار مقام پر کھیلے گئے تو انکا زیادہ اچھا اثر نہیں پڑیگا لہٰذا انہیں توقعات کے مطابق پاکستان یا بھارت میں ہی کرایا جائے جہاں لوگ ان دونوں ٹیموں کو کھیلتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔وقار یونس نے یقین کے ساتھ کہا کہ آئندہ چند سال کے عرصے میں پاکستان اور بھارت کے درمیان آپس کے مقابلے شروع ہو جائیں گے کیونکہ شائقین کرکٹ کو ان کا شدت کیساتھ انتظار ہے ۔
وقت اشاعت : 02/06/2020 - 15:58:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :