انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والی بنگلہ دیشی ٹیم کوچ کے معاہدے میں توسیع

بدھ 8 جولائی 2020 17:03

ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2020ء) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے اپنی انڈر 19 ورلڈ کپ جیتنے والی قومی ٹیم کوچ نوید نواز کے ساتھ معاہدے میں تین سالہ توسیع کر دی ہے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے نوید نواز کو 2018ء میں ہیڈ کوچ مقرر کیا تھا اور انکی کوچنگ میں اس سال کے شروع میں بنگلہ دیش کی انڈر 19 ٹیم نے جنوبی افریقہ میں ہونے والے فائنل میں بھارت کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو نظام الدین چودھری نے کہا کہ ہم نے انڈر 19 ٹیم کے سٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ رچرڈ سٹونیر کے معاہدے کو بھی 2022ء تک بڑھا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے فیصلہ کر لیا تھا کہ ہم فاتح انڈر 19 ورلڈ کپ سکواڈ کے ساتھ مل کر کام جاری رکھیں گے کیونکہ قومی انڈر 19 سکواڈ نے واقعی میگا ایونٹ میں بہت عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔

(جاری ہے)

نظام الدین چودھری نے کہا کہ نوید نواز نے بہت اچھا کام کیا۔ وہ بنگلہ دیش کرکٹ کے لئے ورلڈ کپ جیسی ٹرافی لے کر آئے تھے۔ ہمارا سب کو رکھنے کا منصوبہ تھا اور اس منصوبے کے تحت ہم نے ان کے معاہدہ میں توسیع کر دی ہے۔نوید نواز سری لنکا کے سابق انٹرنیشنل کرکٹر ہیں جو کرکٹ، آسٹریلیا ہائی پرفارمنس (لیول تھری) کے کوچ رہ چکے ہیں۔ وہ اپنے کیریئر کے دوران پہلے درجے کے ماہر بلے باز تھے۔

46 سالہ نوید نواز 2004ء میں ریٹائرمنٹ کے بعد سے ہی کوچنگ کے شعبے سے منسلک ہوگئے تھے۔ بی سی بی میں شامل ہونے سے پہلے انہوں نے 2009ء سے 2014ء تک سری لنکا انڈر 19 ٹیم کے ساتھ بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے کام کیا تھا اور پھر 2014-15ء میں ایمرجنگ پلیئرز سکواڈ کا حصہ بنے تھا۔ اسٹونئیر گذشتہ سات سالوں میں ٹی 20 لیگوں میں مختلف فرنچائزز کے لئے فزیکل ٹرینر کے طور پر کام کر رہے تھے۔

انہوں نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے ساتھ بورڈ پر آنے سے پہلے پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز کے ساتھ کام کیا تھا۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ بی سی بی گیم ڈویلپمنٹ منیجر ، اے ایم ای کاؤسر نے کہا ہے کہ بی سی بی آنے والے وقتوں میں نوید نواز کو دوسرے ترقیاتی منصوبوں میں بھی استعمال کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو فطری طور پر ہم نوید نواز سے مدد لیں گے ، جیسے وہ ہمارے کسی کیمپ میں بیٹنگ کوچ ہوسکتے ہیں۔ تاہم کاؤسر نے یہ واضح کیا کہ نواز انڈر 21 تنظیم میں شامل نہیں ہوں گے۔
وقت اشاعت : 08/07/2020 - 17:03:55

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :