زمبابوے کرکٹ بورڈ نے آئندہ ماہ دورہ پاکستان کی تصدیق کردی

دورہ پاکستان کی اجازت ملنے کا امکان روشن ہوگیا ،بہت جلد رسمی اعلان بھی کردیا جائیگا: تاوینگوا موکوہلانی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 16 ستمبر 2020 12:05

زمبابوے کرکٹ بورڈ نے آئندہ ماہ دورہ پاکستان کی تصدیق کردی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 ستمبر 2020ء ) زمبابوے نے آئندہ ماہ پاکستان کے ٹور کی تصدیق کردی تاہم باضابطہ اعلان جلد کیا جائیگا۔ غیر ملکی ویب سائٹ سے بات کرتے ہوئے زمبابوے کرکٹ کے چیئرمین تاوینگوا موکوہلانی نے ٹور کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ جلد ہی پاکستان کے سفر کی ہمیں کلیئرنس مل جائے گی جس کے بعد ٹور کا باضابطہ اعلان کردیںگے۔

ان کی اس تصدیق کے بعد 20 اکتوبر سے شیڈول محدود اوورز کے ٹور پر غیریقینی بھی کافی حد تک کم ہوگئی ہے۔ ملتان 12 برس میں پہلی بار کسی انٹرنیشنل میچ کی میزبانی کرے گا۔ سیریز بائیو سیکیور ببل میں کھیلی جائے گی، ابھی تک پی سی بی نے کورونا وائرس کے حوالے سے پروٹوکول تیار نہیں کیا اور نہ ہی اس بات کا تعین کیاہے کہ زمبابوین کرکٹرز کتنے دن تک قرنطینہ کریںگے، حکام اس عرصے کو کم سے کم 3 دن یا زیادہ سے زیادہ ایک ہفتے تک محدود رکھنے کے خواہاں ہیں۔

(جاری ہے)

پروٹوکول کے حوالے سے انگلش کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی سے بھی مشورہ لیا جائے گا۔ انگلینڈ پہلا کرکٹ بورڈ ہے جس نے کورونا وائرس کی موجودگی میں انٹرنیشنل کرکٹ منعقد کی۔ وہاں پر بائیوببل میں ویسٹ انڈیز اور پاکستان دونوں سیریز کھیل چکے جبکہ آسٹریلیا اس وقت میچز کھیلنے میں مصروف ہے، یہ بات یقینی دکھائی دیتی ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ بائیوسیکیور ماحول کی تیاری کے لیے غیرملکی کمپنی کی خدمات ایفورڈ نہیں کرسکے گا جس نے ای سی بی کی محفوظ ماحول تیار کرنے میں معاونت کی۔

پاکستان میں کورونا وائرس کیسز میں کمی کی وجہ سے اگست میں پی سی بی نے پروفیشنل کرکٹ بحال کرنے کا فیصلہ کیا۔ ڈومیسٹک سیزن کا بھی اعلان کردیا گیا، زمبابوے کے خلاف سیریز سے راولپنڈی اور ملتان میں نیشنل ٹی 20 کپ منعقد کیا جائے گا،اس طرح بائیوسیکیورببل کی آزمائش بھی ہوجائے گی۔یاد رہے کہ ملتان نے آخری مرتبہ کسی ون ڈے میچ کی میزبانی 2008ء میں کی تھی، وہاں پر پاکستان اور زمبابوے کے درمیان 3 ون ڈے میچز منعقد ہوںگے جبکہ اتنے ہی ٹی 20 مقابلے راولپنڈی میں ہونے ہیں۔ یہ گذشتہ 5 برس میں زمبابوین ٹیم کا دوسرا دورئہ پاکستان ہوگا، وہ مارچ 2009ء میں سری لنکن ٹیم پر ہونیوالے دہشتگرد حملے کے بعد 2015ء میں پاکستان کا دورہ کرنیوالی پہلی فل ممبر ٹیم بنی تھی۔
وقت اشاعت : 16/09/2020 - 12:05:43

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :