علیم ڈار زیادہ ون ڈے میچز میں امپائرنگ کا عالمی ریکارڈ توڑنے سے صرف ایک میچ دور

پاکستانی امپائر اب تک مجموعی طور پر 387 میچز میں امپائرنگ کے فرائض سرانجام دے چکے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 31 اکتوبر 2020 17:10

علیم ڈار زیادہ ون ڈے میچز میں امپائرنگ کا عالمی ریکارڈ توڑنے سے صرف ایک میچ دور
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 31اکتوبر 2020ء ) پاکستان کے مایہ ناز امپائر علیم ڈار اتوار کو زمبابوے کے خلاف دوسرے ون ڈے میں امپائرنگ کے فرائض انجام دے کر ایک اور عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیں گے ۔ 52 سالہ علیم ڈار اتوار کو 210 ویں میچ میں امپائرنگ کے فرائض سرانجام دیں گے جس کے ساتھ وہ زیادہ ون ڈے میچز میں امپائرنگ کرنے کا سابق جنوبی امپائر روڈی کرٹزن کا ریکارڈ توڑ دیں گے جنہوں نے 1992ء سے 2010ء کے دوران 209 میچز میں امپائرنگ کے فرائض سرانجام دیئے تھے۔

اس سے قبل علیم ڈار نے نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان پرتھ ٹیسٹ میں سب سے زیادہ ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دینے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا تھا ۔ اس سے قبل سب سے زیادہ ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کا ریکارڈ سابق ویسٹ انڈین امپائر سٹیو بکنر کے پاس تھا جنہوں نے 128 ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کی ۔

(جاری ہے)

انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کے خواہمشمند سابق کرکٹر نے کرکٹ کیریئر میں زیادہ مواقع نہ ملنے پر امپائرنگ کو بطور پیشہ اپنا لیا اور ہر گزرتے دن کے ساتھ نت نئے ریکارڈز اپنے نام کرتے گئے۔

علیم ڈار نے اپنے انٹرنیشنل امپائرنگ کیریئر کا آغاز 2000ء میں گوجرانوالہ میں سری لنکا اور پاکستان کے درمیان کھیلے گئے ون ڈے میچ سے کیا ۔ لگاتار 3 سال تک آئی سی سی کے بہترین امپائرنگ کا ایوارڈ جیتنے والے علیم ڈار 46 ٹی ٹونٹی میچوں میں بھی ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔ 2003ء میں انگلینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان ڈھاکا میں کھیلے گئے میچ سے اپنے ٹیسٹ امپائرنگ کیریئر کا آغاز کرنے والے پاکستانی امپائر نے کہا کہ میں انٹرنیشنل کرکٹر بننا چاہتا تھا اور اسی لیے گوجرانوالہ سے لاہور منتقل ہوا جہاں میں اسلامیہ کالج سول لائن سے بحیثیت بلے باز منتخب ہونے والا پہلا کھلاڑی تھا اور میرے ساتھ اسی کالج سے وسیم اکرم بحیثیت باؤلر منتخب ہوئے۔
وقت اشاعت : 31/10/2020 - 17:10:31

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :