شین واٹسن کا پروفیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

انہوں نے پی ایس ایل کے پانچوں ایڈیشنز کھیل کر 46 میچز میں 32.40 کی اوسط سے 1361 رنز سکور کیے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 3 نومبر 2020 12:32

شین واٹسن کا پروفیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
سڈنی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔3 نومبر 2020ء ) سابق آسٹریلوی آل رائونڈر شین واٹسن نے پروفیشنل کرکٹ کے تمام فارمیٹس سے سبکدوشی کا اعلان کیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق جذباتی شین واٹسن نے آئی پی ایل کے آخری میچ سے قبل چنائی سپنر کنگز کے ڈریسنگ روم میں یہ اعلان کیا۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق واٹسن ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے بہت جذباتی تھے اور ان کا کہنا تھا کہ اس فرنچائز کے لیے کھیلنا ان کے لیے فخر کی بات تھی۔

39 سالہ شین واٹسن نے 2015ء میں ٹیسٹ کرکٹ سے سبکدوشی اختیار کرلی تھی لیکن بگ بیش لیگ اور آئی پی ایل سمیت ٹی 20 ٹورنامنٹ میں اپنے کیریئر کو جاری رکھا۔ انہوں نے آئی پی ایل میں اپنا کیریئر 3874 رنز ، 92 وکٹوں اور 40 کیچز کے ساتھ ختم کیا۔ واٹسن نے سڈنی سکسرز اور برسبین ہیٹ کے علاوہ اپنے آخری 4 سال سڈنی تھنڈرز کے ساتھ گزارنے کے بعد گذشتہ سال بگ بیش لیگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے پی ایس ایل کے پانچوں ایڈیشنز کھیل کر 46 میچز میں 32.40 کی اوسط سے 1361 رنز سکور کیے، انہوں نے یہ رنز 138.59 کے سٹرائیک ریٹ سے بنائے اور 9 نصف سنچریاں بھی سکور کیں ۔شین واٹسن نے 2002ء میں ڈیبیو کرنے کے بعد سے آسٹریلیا کے لئے 10950 بین الاقوامی رنز بنائے تھے اور کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں سنچری بنانے والے پہلے کھلاڑیوں میں سے ایک بنے۔
وقت اشاعت : 03/11/2020 - 12:32:22

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :