4 پاکستانی کھلاڑی کرک انفو ٹیمز آف دی ایئر میں جگہ بنانے میں کامیاب

بابراعظم اور شان مسعود ٹیسٹ، شاداب خان اور شاہین شاہ آفریدی ٹیم آف دی ایئر میں شامل

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 1 جنوری 2021 17:51

4 پاکستانی کھلاڑی کرک انفو ٹیمز آف دی ایئر میں جگہ بنانے میں کامیاب
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ یکم جنوری 2021ء ) کوویڈ 19 بیماری کی وجہ سے اس سال ماضی کے مقابلے میں بہت کم کرکٹ کھیلی گئی ۔ اس سال صرف 22 ٹیسٹ میچ کھیلے گئے جو 1991ء کے بعد ایک کیلنڈر ایئر میں ٹیسٹ میچوں کی سب سے کم تعداد ہے۔ ون ڈے اور ٹی ٹونٹی میں بھی اسی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ ان تمام تر مسائل کے باوجود ٹاپ انٹرنیشنل کرکٹرز نے اپنی کلاس دکھائی۔

انگلش کھلاڑی رواں سال زیادہ تر ٹیسٹ کرکٹ کھیلے جب کہ ویسٹ انڈیز اور پاکستان نے کرونا کے باوجود انگلینڈ کا دورہ کیا جس سے انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہوئی ۔ پاکستان نے سال کا آغاز بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ میچ میں کامیابی سے کیا تھا اور سال کا اختتام نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ سے ہوا۔ پاکستان نے 2020ء میں 5 ٹیسٹ ، 3 ون ڈے اور 11 ٹی ٹونٹی میچ کھیلے۔

(جاری ہے)

آئی سی سی کی جانب سے دہائی کی ٹیموں میں جانبداری کا عنصر سامنے آنے کے بعد کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو نے تمام فارمیٹس میں اپنی ٹیمز آف دی ایئر بنانے کا فیصلہ کیا۔ کرک انفو نے تینوں فارمیٹس کے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ۔ کرک انفو ٹیسٹ ٹیم آف دی ایئر میں شان مسعود، جوس بٹلر (وکٹ کیپر)، ڈوم سییلی ،سٹورٹ براڈ ،کین ولیمسن (کپتان) ،ٹم ساؤتھی ،بابراعظم ،نیتھن لیون، بین سٹوکس ،کائل جیمیسن اور جیرمین بلیک ووڈ شامل تھے۔

کرک انفو ون ڈے آف دی ایئر ٹیم میں ایرون فنچ (کپتان) روندرا جدیجہ، ڈیوڈ وارنر، جوفرا آرچر، ویرات کوہلی ،الزاری جوزف ،سٹیو سمتھ ،ایڈم زامپا، لوکیش راہول (وکٹ کیپر)، جوش ہیزل ووڈ اور گلین میکسویل کو جگہ ملی ۔
کرک انفو ٹی ٹونٹی ٹیم آف دی ایئر میں کوئنٹن ڈی کاک (وکٹ کیپر) ،شاداب خان ،جوس بٹلر ،راشد خان ،لوکیش راہول ،جسپریت بمراہ، اے بی ڈویلیئرز، جوفرا آرچر،نکولس پوران ، شاہین آفریدی اور کیرون پولارڈ (کپتان) شامل تھے۔
وقت اشاعت : 01/01/2021 - 17:51:52

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :