نئی ٹیسٹ رینکنگ، بابراعظم کی 5ویں پوزیشن برقرار

اظہر علی کی ٹاپ 20 بلے بازوں کی فہرست میں واپسی،محمد رضوان کی 10،فہیم اشرف کی 17 درجے ترقی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 12 جنوری 2021 11:41

نئی ٹیسٹ رینکنگ، بابراعظم کی 5ویں پوزیشن برقرار
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 12 جنوری 2021ء ) کرائسٹ چرچ میں پاکستان کے خلاف 238 رنز کی اننگز کھیلنے والے کیوی کپتان کین ولیمسن نے آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن مزید مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ کسی بھی کیوی بلے باز کی جانب سے سب سے زیادہ ریٹنگ پوائنٹس حاصل کرنے کا کارنامہ بھی سرانجام دیا ۔ دسمبر 2018ء میں 915 پوائنٹس تک پہنچنے والے ولیمسن نے اب 919 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کرلیے ہیں، وہ 900 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کرنے والے دوسرے کیوی کھلاڑی ہیں۔

اس سے قبل رچرڈ ہیڈلی نے دسمبر 1985ء میں سر رچرڈ ہیڈلی نے بائولرز کی رینکنگ میں 909 پوائنٹس حاصل کیے تھے ۔ آسٹریلیا کے سٹیو سمتھ نے سڈنی ٹیسٹ میں بھارت کیخلاف 131 اور 81 رنز کی باریاں کھیل کر بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو پیچھے دھکیلتے ہوئے دوسری پوزیشن اپنے نام کرلی ہے ، جنوبی افریقی اوپنر ڈین ایلگر سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں 127 اور 31 ناٹ آئوٹ رنز سکور کرکے 13 ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ، ہنری نکولس نے 157 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد بیٹسمنوں کی رینکنگ میں 9ویں پوزیشن حاصل کرلی ہے جبکہ فاسٹ بائولر کائل جیمیسن نے پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں 117 رنز کے عوض 11 شکار کرکے 7 درجے ترقی کے ساتھ 21 ویں پوزیشن سنبھال لی ہے، جیمیسن اب تک صرف 6 ٹیسٹ میچز میں 36 وکٹیں حاصل کرکے آل راؤنڈروں میں 5ویں نمبر پر ہے۔

(جاری ہے)

قومی ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی کی 93 اور 37 رنز کی اننگزنے انہیں 7 درجے ترقی کے ساتھ 18 ویں پوزیشن دلوائی،قائم مقام کپتان محمد رضوان پہلی اننگز میں نصف سنچری بنا کر 47 ویں سے 37 ویں پوزیشن پر آگئے،فہیم اشرف 17 درجے ترقی پاکر 77ویں پوزیشن پر پہنچے۔ سڈنی ٹیسٹ میں 91 اور 73 رنز بنانے والے مارنس لبسشین نے 866 پوائنٹس کے ساتھ اپنی چوتھی پوزیشن مستحکم کی،پاکستانی کپتان بابراعظم کی 5ویں پوزیشن برقرار ہے، فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ نے میچ میں 4 وکٹوں کے ساتھ 3 درجے ترقی پاکر 5 ویں پوزیشن حاصل کی۔

بھارتی بلے باز چیتشور پجارا کی 50 اور 77 رنز کی اننگز نے انہیں 10ویں سے 8ویں پوزیشن پر پہنچایا، رشبھ پانت کے 36 اور 97 کے سکورز نے انہیں 45ویں سے 26 ویں پوزیشن پر پہنچنے میں مدد فراہم کی ۔ سینچورین ٹیسٹ میں انریچ نورٹجے (48ویں سے 38 ویں پوزیشن) ، ویان مولڈر (67ویں سے 45 ویں پوزیشن) ، لوتھو سیپملا (70ویں سے47 ویں پوزیشن) اور لونگی نگیڈی (56ویں سے 49 ویں پوزیشن) ترقی پانے والے بائولرز تھے۔ سری لنکن کپتان دیموت کرونارتنے نے 17ویں سے 15ویں اور کوسل پریرا نے 60ویں سے 56 ویں پوزیشن پر چھلانگ لگائی۔
وقت اشاعت : 12/01/2021 - 11:41:22

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :