محمد حفیظ فکسرز کو ٹیم میں واپس لانے کے مخالف

پاکستان کو بدنام کرنے والے کسی بھی کھلاڑی کو واپس ٹیم میں نہیں دیکھنا چاہوں گا: آل راؤنڈر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 21 جنوری 2021 11:52

محمد حفیظ فکسرز کو ٹیم میں واپس لانے کے مخالف
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 جنوری 2021ء ) قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے فکسرز کی ٹیم میں واپسی کی مخالفت کردی۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے 40 سالہ آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ محمد عامر میرے چھوٹے بھائیوں کی طرح ہیں لیکن میں کسی شخص کے نہیں بلکہ اس کے کیے گئے جرم کیخلاف ہوں، ریٹائرمنٹ ان کا ذاتی فیصلہ ہے۔ شرجیل خان کے حوالے سے سوال ہونے پر حفیظ نے کہا کہ میں کسی کا نام نہیں لینا چاہتا مگر پاکستان کو بدنام کرنیوالے کسی بھی کھلاڑی کو واپس ٹیم میں نہیں دیکھنا چاہوں گا، یہ کھلاڑی کوئی بھی کام کریں لیکن ان کو ملک کی نمائندگی کا موقع دینا مناسب نہیں ہوگا۔

محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ 2020ء ان کے کیریئر کا بہترین سال ثابت ہوا تھا جس میں وہ پاکستان کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بنے، انہیں پاکستان کے لیے کھیلتے ہوئے 17 سے 18 سال ہوگئے ہیں اور ان کی پہلی ترجیح ہمیشہ پاکستان رہی ہے جس میں کوئی ابہام نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں بائیو سیکور ببل کے لیے دستیاب ہوگا کیوں کہ اس سے قبل ٹی ٹین لیگ میں بھی بائیو سیکور ببل میں ہوں گا۔

حفیظ کا کہنا تھا کہ اگر کسی جگہ پر کمی آبھی رہی ہے تو وہ پلیئرز نے اپنی پرفارمنس کے ذریعے پوری کرنی ہے، اگرکسی کھلاڑی سے پرفارم نہ ہو تو اپنی خراب کارکردگی کسی اور پر نہیں ڈالنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے 2 گھنٹے کی بیٹنگ پریکٹس بھی درکار ہو تو وہ بھی ملی ہے ۔ محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ انہیں کبھی محسوس نہیں ہوا کہ ان کے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ تعلقات خراب ہیں ۔

فاسٹ بائولر محمد عامر سے متعلق بات کرتے ہوئے محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ عامر چھوٹے بھائی کی طرح ہے، انہوں نے اپنے کیریئر کے بارے میں جو بھی فیصلہ کیا وہ اس کا احترام کرتے ہیں۔ محمد حفیظ نے کہا کہ پیٹرن ان چیف عمران خان سے ملاقات میں وہ فرنٹ مین تھے، وزیر اعظم نے ہمیں عزت دی، ہم سب نے مل کر ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی کے لیے بات کرنی کی ٹھانی تھی اور اس بارے میں جو بھی فیصلہ ہوا اس کا احترام کرتا ہوں، آج بھی ڈیپارٹمنٹ کرکٹ کے حق میں ہوں، ہم لوگ اسی کی بدولت سے پروڈکٹ بنے ہیں۔
وقت اشاعت : 21/01/2021 - 11:52:28

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :