کرس گیل پی ایس ایل چھوڑ کر ویسٹ انڈیز جانے پر افسردہ

لاہور میں شیڈول پی ایس ایل میچز میں اپنی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جوائن کرنے کے لیے دوبارہ واپس آؤں گا: جارح مزاج بلے باز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 23 فروری 2021 13:38

کرس گیل پی ایس ایل چھوڑ کر ویسٹ انڈیز جانے پر افسردہ
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 23 فروری 2021ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بلے بازکرس گیل کا کہنا ہے کہ وہ اپنی قومی ڈیوٹی کے لیے فی الحال وطن واپس جارہے ہیں لیکن لاہور میں ہونیوالے پی ایس ایل مرحلے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے کیلئے دوبارہ واپس آئیں گے۔ کراچی میں لاہور قلندرز کے خلاف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست کے بعد میڈیا انٹرویو میں کرس گیل نے کہا کہ انہیں قومی ڈیوٹی کیلئے لیگ کو فی الحال ادھورا چھوڑ کر ویسٹ انڈیز جانے کا افسوس ہے لیکن ابھی پی ایس ایل میں کافی میچز باقی ہیں اور وہ لاہور کے مرحلے کے میچز میں شرکت کرنے کے لیے دوبارہ واپس آئیں گے۔

41 سالہ جارح مزاج بیٹسمین کا کہنا تھا کہ وہ پی ایس ایل کا کوئی میچ مس نہیں کرنا چاہتے تھے اور اسی لیے انہوں نے لیگ کے لیے اپنا نام درج کروایا ۔

(جاری ہے)

کرس گیل کا کہنا تھا کہ وہ 15 سال بعد پاکستان آکر کھیلے اور ان کا ارادہ تھا کہ اپنی کارکردگی سے پی ایس ایل میں دھوم مچاتے اور مداحوں کو بھرپور تفریح فراہم کرتے۔ جارح مزاج بلے باز کا کہنا تھا کہ وہ اپنی کارکردگی سے مطمئن ضرور ہیں لیکن ٹیم کی شکست پر افسردہ ہیں، کوئٹہ کی ٹیم ایسا آغاز نہیں چاہتی تھی لیکن ابھی تو ٹورنامنٹ شروع ہوا ہےاور بہت میچز باقی ہیں، امید ہے گلیڈی ایٹرز کی ٹیم ان 2 میچز میں ناکامی کو بھلا کر اگلے میچز میں مثبت انداز سے کھیلتے ہوئے لیگ میں کم بیک کرے گی۔

ایک سوا ل پر کرس گیل نے امید ظاہر کی کہ پاکستان سپر لیگ کے اگلے میچز میں فل ہاؤس دیکھنے کو ملے کیوںکہ جب میدان میں ہر شخص کسی ایک کھلاڑی کا نام لے کر اسکی حوصلہ افزائی کرے تو بہت اچھا لگتا ہے، کرائوڈ کے ہونے سے نہ صرف بائولر اور بیٹسمین کے درمیان ٹاکرے کا مزہ آتا ہے بلکہ میچ کا ماحول بھی خوب گرم ہوتا ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کے مابین کھیلے گئے میچ پر گفتگو کرتے ہوئے کرس گیل کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز کے بائولرز کا آغاز بہت اچھا تھا جنہوں نےکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو تیز آغاز سے محتاط رکھا، بعد ازاں سرفراز احمد کے ساتھ اچھی پارٹنرشپ لگی لیکن میرے خیال میں گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے آخر میں 20 رنز کم بنائے جس کی وجہ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

خیال رہے کہ کرس گیل نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرتے ہوئے کراچی کنگز کے خلاف 39 اور لاہور قلندرز کے خلاف 68 رنز کی اننگز کھیلی تاہم دونوں میچز میں گلیڈی ایٹرز کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
وقت اشاعت : 23/02/2021 - 13:38:01

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :