پی ایس ایل 6، ملتان سلطانز کا کراچی کنگز کو کامیابی کے لیے 196 رنز کا ہدف

جیمز ونس اور محمد رضوان کی عمدہ بلے بازی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 27 فروری 2021 15:47

پی ایس ایل 6، ملتان سلطانز کا کراچی کنگز کو کامیابی کے لیے 196 رنز کا ہدف
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 27 فروری 2021ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 6 میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو جیت کے لیے 196 رنز کا ہدف دیدیا ہے۔ کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جارہے پی ایس ایل 6 کے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت پر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔میچ کے آغاز میں ہی ملتان سلطانز نے جارحانہ انداز اپنایا اور 4 اوورز میں ہی بغیر کسی نقصان کے 49 رنز بنا لیے، تاہم پانچویں اوور کی دوسری گیند پر اوپنر کرس لین 14 گیندوں پر 32 رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

تاہم اس کے بعد بھی ملتان نے جارحانہ انداز میں کھیل جاری رکھا اور 6 اوورز کے پاور پلے میں ایک کھلاڑی کے نقصان پر 72 رنز بنا لیے۔اس کے بعد محمد رضوان اور ونس نے ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھایا تاہم 12 ویں اوورز کی پہلی گیند پر کپتان محمد رضوان 123 کے مجموعی سکور پر 43 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

(جاری ہے)

رضوان کے آؤٹ ہونے کے بعد 133 پر ونس 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جبکہ 148 پر رائلی روسوو پویلین لوٹ گئے،صہیب مقصود اور خوشدل شاہ نے سکور کو آگے بڑھایا اور 17 اوورز میں ٹیم کا سکور 173 تک پہنچا دیا۔

خوشدل شاہ 6 رنز بنا کر بولڈ ہوگئے، اگلے آؤٹ ہونیوالے کھلاڑی شاہد آفریدی نے 5 گیندوں پر 3 رنز بنائے۔ آخری اوورز میں کراچی کنگز نے بہتر باؤلنگ کرتے ہوئے ملتان سلطانز کو 200 رنز بنانے سے روکا اور ملتان کی ٹیم 20 اوورز میں 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 195 رنز بنا سکی۔ واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ 6 کا میلہ زور و شور سے جاری ہے اور شائقین کو ہر روز سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

آج کھیلے جارہے اس میچ میں کراچی کنگز کی قیادت عماد وسیم جبکہ ملتان سلطانز کی کپتانی محمد رضوان کر رہے ہیں اور دونوں ٹیمیں میچ جیتنے کے لیے پرامید ہیں۔ دونوں ٹیموں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور پرانے کمبی نیشن کو برقرار رکھا گیا ہے۔ کراچی کنگز نے اب تک 2 میچز کھیلے ہیں جس میں اسے ایک میں فتح اور ایک میں شکست حاصل ہوئی ہے جبکہ ملتان سلطانز کی ٹیم 3 میچز کھیل چکی ہے جس میں اس نے ایک میں فتح اپنے نام کی ہے۔
وقت اشاعت : 27/02/2021 - 15:47:57

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :