انضمام الحق نے صرف ایک گیند کی بنیاد پر مجھے افغان ٹیم میں سلیکٹ کیا:راشد خان کا انکشاف

پریکٹس سیشن میں انضمام نے پیڈ کرکے مجھے بائولنگ کا کہا ،پہلی 2 گیندوں پر انہوں نے مجھے کٹ شاٹ کھیلی،تیسری گیند میں نے گگلی کی جو انکے پیڈز پر لگی،انضمام نے مجھے کہا کہ تم کل میچ کھیلو گے: افغان لیگ سپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 11 مارچ 2021 13:44

انضمام الحق نے صرف ایک گیند کی بنیاد پر مجھے افغان ٹیم میں سلیکٹ کیا:راشد خان کا انکشاف
کابل (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 11 مارچ 2021ء ) افغانستان کے لیگ سپنر راشد خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے سابق کپتان انضمام الحق نے ان کی افغان ٹیم میں سلیکشن کے لیے اہم کردار ادا کیا، آپ کو ایسے کوچ کی ضرورت ہوتی ہے جو آپ کی صلاحیتوں پر اعتماد کرتا ہو،22 سالہ راشد خان نے 2015ء میں زمبابوے کے دورے پر انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا تھا، انہیں صرف ٹی ٹونٹی سیریز کے لئے منتخب کیا گیا تھا ۔

معروف کرکٹ ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے راشد خان کا کہنا تھا کہ انضمام الحق جب افغان ٹیم کے کوچ بنے تو انہوں نے ٹیم مینجمنٹ سے پوچھا کہ یہاں کوئی لیگ سپن باؤلر نہیں ہے کیا؟، جس پر میرا نام سامنے آیا ، اگلے دن ہمارا زمبابوے سے میچ تھا مگر مجھے اس میچ کے لیے سلیکٹ نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

پریکٹس سیشن کے دوران انضمام الحق نے خود پیڈ کیے اور مجھے بائولنگ کا کہا ،میری پہلی دو گیندوں پر انہوں نے مجھے کٹ شاٹ لگائی جس کے بعد تیسری گیند میں نے گگلی کی جو ان کے پیڈز پر لگی۔

جس کے بعد انضمام الحق نے مجھے کہا کہ تم کل کے میچ کی تیاری کروں تم کل کا میچ کھیلو گے۔ راشد خان کا کہنا تھا کہ انضمام الحق نے انہیں کافی اعتماد دیا ، انضمام الحق سے قبل مجھے صرف ٹی 20 کا باؤلر سمجھا جاتا تھا لیکن انہوں نے مجھے ون ڈے ٹیم میں بھی سلیکٹ کیا۔
راشد خان نے افغانستان کے لئے اب تک 4 ٹیسٹ ، 74 ون ڈے اور 48 ٹی ٹونٹی میچ کھیلے ہیں۔ بین الاقوامی کرکٹ میں ان کی وکٹوں کی تعداد 250 سے زیادہ ہے اور انہیں حال ہی میں آئی سی سی ٹی ٹونٹی پلیئر آف دی ڈیکیڈ بھی قرار دیا گیا ہے۔
وقت اشاعت : 11/03/2021 - 13:44:54

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :