شعیب اختر کو کھیلنے کے بعد وسیم اکرم اور وقار یونس میڈیم پیسرز لگنے لگے: سر کرٹلی ایمبروز

پاکستان نے چند لاجواب کرکٹرز تیار کیے ،وزیراعظم عمران خان اسوقت کپتان ،حیرت انگیز کرکٹر تھے، انکے پاس جاوید میانداد ، وسیم اکرم اور وقار یونس تھے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 22 مارچ 2021 16:03

شعیب اختر کو کھیلنے کے بعد وسیم اکرم اور وقار یونس میڈیم پیسرز لگنے لگے: سر کرٹلی ایمبروز
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 مارچ 2021ء ) ویسٹ انڈیز کے لیجنڈری سابق فاسٹ بائولر کرٹلی امبروز نے انکشاف کیا کہ 1997ء میں دورہ پاکستان کے دوران جب انہوں نے شعیب اختر کا پہلی مرتبہ سامنا کیا تو حیران رہ گئے۔ یوٹیوب پر دی کرٹلی اینڈ کرشمہ شو میں 57 سالہ سر کرٹلی ایمبروز نے دعویٰ کیا کہ شعیب اختر کو کھیلنے کے بعد لیجنڈری کرکٹرز وسیم اکرم اور وقار یونس میڈیم پیسرز دکھائی دینے لگے تھے۔

کرٹلی ایمبروز کا کہنا تھا کہ 1997ء میں جب ہم پاکستان آئے تو ہم وقار یونس اور وسیم اکرم کا سامنا کرنے کے عادی ہوچکے تھے تاہم اس سے پہلے ہم نے کبھی شعیب اختر کو نہیں دیکھا تھا، ہم نے سوچا کہ وسیم اکرم اور وقار یونس بہترین کھلاڑی ہیں ، اگر ہم ان کی نئی گیند کا سامنا کرسکتے ہیں تو شعیب اختر کو کھیلنا تو مشکل نہیں ہونا چاہیئے، شعیب اختر پہلی چینج پر بائولنگ کرنے آئے اور ہم یہ سوچنے پر مجبور ہوگئے کہ یہ کیا ہورہا ہے؟ شعیب کو کھیلنے کے بعد وسیم اور وقار ہمیں میڈیم فاسٹ بائولر لگنے لگے، ہم واقعی حیران تھے کیوں کہ شعیب اختر اتنی تیز بائولنگ کررہا تھا،پاکستان نے کچھ حیرت انگیز کرکٹر تیار کیے ہیں۔

(جاری ہے)

امبروز کا کہنا تھا کہ پاکستان نے چند لاجواب کرکٹرز تیار کیے ہیں جن کا ان کے ہوم گرائونڈز پر سامنا کرنا آسان نہیں ہے۔ عمران خان جو اب وزیراعظم ہیں ، اس وقت کپتان تھے اور وہ ایک حیرت انگیز کرکٹر تھے، ان کے پاس جاوید میانداد ، وسیم اکرم اور وقار یونس تھے، اس وقت کی پاکستانی ٹیم لاجواب تھی جسے اس کے ہوم گرائونڈ پر ہرانا انتہائی مشکل تھا ۔
وقت اشاعت : 22/03/2021 - 16:03:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :