فخر زمان نے ایسا کارنامہ سر انجام دیدیا جو سچن ٹنڈولکر اور سعید انور جیسے ایشیائی بلے باز بھی نہیں کرسکے

فخر زمان پہلے ایشین بلے باز ہیں جنہوں نے اپنی پہلی 5 ون ڈے سنچریاں غیر ملکی سرزمین پر سکور کی ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 5 اپریل 2021 17:11

فخر زمان نے ایسا کارنامہ سر انجام دیدیا جو سچن ٹنڈولکر اور سعید انور جیسے ایشیائی بلے باز بھی نہیں کرسکے
جوہانسبرگ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 5 اپریل 2021ء ) جنوبی افریقہ کیخلاف دوسرے ون ڈے میچ میں 193 رنز کی اننگز کھیلنے والے فخر زمان نے ایسا کارنامہ سر انجام دیدیا جو سچن ٹنڈولکر اور سعید انور جیسے ایشیائی بلے باز بھی نہیں کرسکے۔ جنوبی افریقہ نے جوہانسبرگ میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کو فتح کیلئے 342 رنز کا ہدف دیا۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستانی یٹنگ لائن بری طرح سے ناکام ہوئی اور فخر زمان کے سوا کوئی بھی بلے باز جنوبی افریقی باؤلرز کا مقابلہ نہ کر سکا۔

قومی ٹیم ایک موقع پر 205 رنز پر 7 وکٹیں گنوا چکی تھی اور اسے فتح کیلئے مزید 137رنز درکار تھے لیکن اس مرحلے پر فخر زمان نے اپنی سنچری مکمل کرنے کیساتھ ٹیل اینڈرز کے ساتھ شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی جیت کی امید پھر سے جگائی۔

(جاری ہے)

ڈبل سنچری سے محض 7 رن دوری پر فخر زمان رن آؤٹ ہوئے۔ اوپننگ بلے باز نے 155 گیندوں پر 8 چوکوں اور 10 چھکوں کی مدد سے 193 رنز کی اننگز کھیلی تاہم پاکستان کی ٹیم 17 رنز سے میچ ہار گئی۔

اس سے قبل پاکستان کے کسی بھی کھلاڑی نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 150 رنز سے زائد کی اننگز نہیں کھیلی۔ فخر زمان پاکستانی ٹیم کو فتح تو نہ دلا سکے لیکن ایک اور اعزاز حاصل کرلیا ۔ فخر زمان پہلے ایشین بلے باز ہیں جنہوں نے اپنی پہلی 5 ون ڈے سنچریاں غیر ملکی سرزمین پر سکور کی ہیں ۔ فخر زمان نے پہلی ون ڈے سنچری 2017ء میں بھارت کے خلاف اوول میں کھیلے گئے چیمپئنز ٹرافی فائنل میں بنائی تھی ، 2018ء میں انہوں نے زمبابوے کے خلاف پہلے بلاوایو میں ناٹ آئوٹ 117 رنز بنائے اور پھر 210 ناٹ آئوٹ رنز کی شاندار باری کھیل کر ون ڈے کرکٹ میں ڈبل سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی بلے باز ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا ۔

فخر زمان نے اپنی چوتھی ون ڈے سنچری 2019ء ورلڈ کپ سے قبل انگلینڈ کے خلاف کھیلی گئی ون ڈے سیریز میں سائوتھمپٹن کے مقام پر سکور کی جب انہوں نے 138 رنز بنائے ۔
وقت اشاعت : 05/04/2021 - 17:11:24

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :