ٹی ٹونٹی ورلڈکپ ،پاکستانی ٹیم کو ایک ہی شہر تک محدود کیے جانے کا امکان

قومی ٹیم کے ورلڈ کپ کے تمام میچز کلکتہ میں ہی رکھنے پر غور

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 19 اپریل 2021 12:49

ٹی ٹونٹی ورلڈکپ ،پاکستانی ٹیم کو ایک ہی شہر تک محدود کیے جانے کا امکان
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 19اپریل 2021ء ) رواں برس ہونیوالے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم اپنے میچز بھارت کے ایک ہی شہر میں کھیلے گی۔ اطلاعات کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم کو سکیورٹی خدشات کے باعث ایک شہر تک ہی محدود رکھا جائے گا، قومی ٹیم کے ورلڈکپ کے تمام میچز کلکتہ میں ہی رکھے جانیکا امکان ہے۔ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ رواں سال اکتوبر، نومبر میں بھارت میں ہوگا۔

یاد رہے کہ ایک روز قبل بھارتی حکومت نے پاکستانی کھلاڑیوں، ٹیم مینیجمنٹ اور صحافیوں کو ویزے جاری کرنے کا اشارہ دیا ہے، بھارتی کرکٹ بورڈ نے جنرل کونسل میٹنگ میں پاکستانی کھلاڑیوں، ٹیم مینجمنٹ اور صحافیوں کو ویزے جاری کرنے کی منظوری دی جسکے بعد حکومت کو سفارش ارسال کی گئی ہے۔ یہاں یہ بات بھی واضح کرنا ضروری ہے کہ میگا ایونٹ میں جگہ بنانے کیلئے کوالیفائنگ میچز ہوںگے جس کیلئے رسائی نہ حاصل کرنیوالی ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

گروپ اے میں سری لنکا، آئرلینڈ، عمان، گروپ بی میں بنگلا دیش، ہالینڈ، نمیبیا اور سکاٹ لینڈ کی ٹیمیں شامل ہیں۔ کوالیفائنگ راؤنڈ میں فتح حاصل کرنیوالی ٹیم اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کرسکے گی۔ ورلڈکپ تک رسائی حاصل کرنیوالی ٹیموں کو گروپ 1 اور گروپ 2 میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ 1 میں پاکستان، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز سمیت دو کوالیفائنگ ٹیمیں شامل ہوں گی جبکہ گروپ 2 میں بھارت، جنوبی افریقا، انگلینڈ اور دو کوالیفائنگ ٹیمیں شامل ہوںگی۔

ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کا فائنل 15 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ بھارت میں کرونا کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر کھلاڑیوں کو ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنا ہوگا جبکہ سٹیڈیم میں شائقین کو آنے کی اجازت دینے سے متعلق تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
وقت اشاعت : 19/04/2021 - 12:49:48

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :