کپتان کے ہاتھ میں ہے کس کو کہاں بیٹنگ کہاں فیلڈنگ کرانی ہے‘ یوتھ اولمپکس،سپورٹس ٹیلنٹ ہنٹ،انوویشن لیگ کا انعقاد جلد کیا جائیگا‘ عثمان ڈار

وزیراعظم عمران خان ایک سچے عاشق رسول ؐہیں‘ تحریک لبیک کی جانب سے حالیہ پرتشدد احتجاج کے حوالے سے حکومت مذاکرات کررہی ہے حماداظہر کی پرفارمنس بہترین رہی ہے،مضان المبارک میں لائنیں مافیاز کی وجہ سے لگی ہیں،وزیر اعظم کے معاون خصوصی کی گفتگو

منگل 20 اپریل 2021 00:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2021ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز عثمان ڈار نے لاہور قلندرز کے ہائی پرفارمنس سنٹر کا دورہ کیا۔ہائی پرفارمنس سینٹر پہنچنے پر سی ای او لاہور قلندرز عاطف رانا نے ان کا استقبال کیا،ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز عاقب جاوید بھی اس موقع پر موجود تھی-عاقب جاوید نے عثمان ڈار کو قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر میں سہولیات پر بریفنگ دی-معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز عثمان ڈار نے کہا کہ بہت اچھا لگا کہ لاہور قلندرز یوتھ کو ہائی پرفارمنس سنٹر میں بہترین سہولیات فراہم کر رہا ہے - انہوں نے کہا کہ حکومت کے کامیاب نوجوان پروگرام میں ایک ویژن نئے لیڈرز پیدا کرنا ہے،انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے نوجوانوں کو مشغول نہیں کرسکے، لیکن نوجوانوں کو خوشخبری دینا چاہتا ہوں کہ ہم اب آپ لوگوں کے لیے بہت کچھ لانے جا رہے ہیں،20 لاکھ کے قریب نوجوانوں کے لیے سپورٹس کی سہولیات یونیورسٹیز میں دینے جارہے ہیں،پہلی انوویشن لیگ بھی کرانے جارہے ہیں جو کامیاب نوجوان پروگرام سے ہی ممکن ہوگا- انہوں نے کہا کہ جب کبھی آبادی کم تھی تو زیادہ کھلاڑی اولمپکس میں جاتے تھے،ساتوں ریجن میں یوتھ اولمپکس کرانے جارہے ہیں جس کا فائنل اسلام آباد میں ہوگا،نوجوانوں کے لیے مراکز بھی بنائے گئے تاکہ وہاں سے فائدہ اٹھایا جا سکے،کامیاب نوجوان پروگرام میں سپورٹس ٹیلنٹ ہنٹ کرنے جارہے ہیں تاکہ قومی پیروز پیدا کرسکیں- انہوں نے کہا کہ سکولز کی سطح پرآپس میں مقابلے ہوتے تھے جو اب نہیں ہورہے،ہمارے ہاں نوجوان طبقہ کو سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ زندگی میں آگے بڑھ سکیں،میری خواہش ہے کہ سیالکوٹ میں بھی ہائی پرفارمنس سنٹر بنایا جائے جس کے لئے ہم مکمل تعاون کریں گی- انہوں نے کہاکہ ٹاٹیگر فورس کے نوجوانوں نے پیسوں کے بغیر کام کیا‘ ابھی بھی کچھ علاقوں میں ٹائیگر فورس کے جوان کام کر رہے ہیں‘ٹائیگر فورس سے کتنا کام لینا ہے اس کا فیصلہ قیادت نے کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بحیثیت مسلمان اپنے نبی اکرمؐ کے لیے سب قربان ہونے کو تیار ہیں۔معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ایک سچے عاشق رسول ؐہیں‘اپنی آنکھوں سے وزیراعظم عمران خان کا نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے روضہ رسول پر احترام دیکھا ہے۔ تحریک لبیک کی جانب سے حالیہ پرتشدد احتجاج کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ حکومت مذاکرات کررہی ہے امید ہے اس مسئلے کا حل نکل آئے گا۔

کابینہ کے ردوبدل کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کپتان کے ہاتھ میں ہوتا ہے کہ وہ کس کھلاڑی کو کہاں پر فیلڈنگ کرائے‘بیٹنگ اور باؤلنگ کا نمبر بھی کپتان اپنے حساب سے سیٹ کر تے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کپتان کسی تبدیلی کے لیے ہی پوزیشن تبدیل کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حماداظہر کی پرفارمنس بہترین رہی ہے‘اب بھی انہیں مشکل وزارت دی گئی ہے امید ہے کہ وہ اس پر بھی پورا اتریں گے۔انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک میں لائنیں مافیاز کی وجہ سے لگی ہیں۔بعد ازاںمعاون خصوصی نے سنٹر میں فراہم کردہ سہولیات کی تعریف کی اور بائولنگ بھی کرائی۔
وقت اشاعت : 20/04/2021 - 00:00:29

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :