ضرورت پڑی تو شاہین آفریدی کو آرام بھی کروائیں گے: سہیل اختر

پیسر پاکستان کا اثاثہ، ان پر کوئی اضافی دباؤ نہیں ڈالیں گے: کپتان لاہور قلندرز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 9 جون 2021 16:08

ضرورت پڑی تو شاہین آفریدی کو آرام بھی کروائیں گے: سہیل اختر
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 جون 2021ء ) لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر کا کہنا تھا کہ وہ فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی کا ورک لوڈ زیادہ نہیں بڑھائیں گے اور پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز میں ضرورت پڑنے پر انہیں آرام کروانے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔ ورچوئل پریس کانفرنس میں سہیل اختر نے کہا کہ شاہین آفریدی فٹ نظر آرہے ہیں اور ٹورنامنٹ کے لئے تیار ہیں۔

سہیل اختر نے کہا کہ اگر کوئی شیر کچھ دن شکار نہیں کرتا تو شکار کرنا بھول جاتا ہے، شیر کے لیے بہتر یہی ہوتا ہے کہ وہ جنگل میں شکار کرتا رہے ،ہمارے ذہن میں ہے کہ شاہین آفریدی پر بائولنگ کے بوجھ زیادہ نہ ہو،اگر ہم محسوس کرتے ہیں کہ اسے آرام کی ضرورت ہے تو ہم اسے آرام دیں گے، وہ پاکستان کا اثاثہ ہے اور ہم اسی کے مطابق اسے استعمال کریں گے،ہم اس پر کوئی اضافی دباؤ نہیں ڈالیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا شاہین آفریدی بہت محنت کر رہے ہیں اور فٹ نظر آ رہے ہیں۔ لاہور قلندرز کے کپتان کا کہنا تھا کہ راشد خان اس وقت دنیا کے ٹاپ بائولر ہیں ، وہ ہمارے لئے بہت کارآمد ثابت ہوں گے، ہمارے نوجوان سپنرز ان سے بہت کچھ سیکھیں گے، ان کی بیٹنگ ٹیم کے لئے بھی بہت اہمیت کا حامل ہے ، ہم امید کر رہے ہیں کہ وہ لاہور قلندرز کے لئے بہترین پرفارمنس دیں گے۔

سہیل اختر کا مزید کہنا تھا کہ جنوبی افریقی آل راؤنڈر ڈیوڈ ویسا نے لاہور کے لئے عمدہ پرفارمنس دی ہے اور ہمارے لئے بہت سے میچز میں کامیابی سمیٹی ہے، وہ آنا چاہتے تھے لیکن کائونٹی کرکٹ میں معاہدہ ان کے آڑے آگیا، ہم نے جیمز فالکنر کو شامل کرکے اس خلا کو پُر کرنے کی کوشش کی ہے جو ایک بہت اچھے آل راؤنڈر ہیں، بیٹنگ آرڈر میں نیچے راشد خان بھی بیٹنگ کرسکتے ہیں، امید ہے کہ فالکنر ڈیوڈ ویسا کا خلا پُر کریں گے۔
وقت اشاعت : 09/06/2021 - 16:08:13

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :