پی ایس ایل 6، کراچی کنگز کا اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 191 رنز کا ہدف

بابراعظم اور زادران کی نصف سنچریاں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 14 جون 2021 22:42

پی ایس ایل 6، کراچی کنگز کا اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 191 رنز کا ہدف
ابوظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 14 جون 2021ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے 22 ویں میچ میں کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 191 رنز کا ہدف دیا ہے۔ ابوظہبی میں کھیلے جا رہے لیگ کے 22ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ شرجیل خان اور بابراعظم نے اننگز کا جارحانہ آغاز کیا تاہم شرجیل 25 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

محمد وسیم نے چھ رنز بنانے والے مارٹن گپٹل کی وکٹیں بکھیر دیں۔ اس موقع پر بابر اعظم کا ساتھ دینے افغان بلے باز نجیب اللہ زدران آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے دوسری وکٹ کے لیے 117 رنز کی شراکت قائم کی، اننگز کے 19ویں اوور میں حسن علی نے بابر کو چلتا کیا، بابر نے 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 81 رنز بنائے،اگلے ہی اوور میں علی خان نے تیھسارا پریرا کو کھاتا کھولنے کا بھی موقع نہ دیا۔

(جاری ہے)

کراچی کنگز نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے، نجیب اللہ زدران نے 42 گیندوں پر 4 چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 71 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ 10 پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور کراچی کنگز 6 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے۔ اس میچ سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کو بڑی خوشخبری ملی ہے اور فاسٹ باؤلر حسن علی وطن واپس نہیں لوٹ سکے اور لیگ کے اختتام تک ان کی خدمات ٹیم کو دستیاب ہوں گی۔

میچ کے لیے کراچی کنگز کی ٹیم عماد وسیم (کپتان)، بابراعظم، شرجیل خان، مارٹن گپٹل، نجیب اللہ زدران، چیڈو والٹن، تھسارا پریرا، محمد عباس، وقاص مقصود، محمد عامر اور ارشد اقبال پر مشتمل ہے جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں شاداب خان (کپتان)، کولن منرو، عثمان خواجہ، حسین طلعت، افتخار احمد، آصف علی، حسن علی، محمد اخلاق، محمد وسیم جونیئر، علی خان اور عاکف جاوید شامل ہیں۔
وقت اشاعت : 14/06/2021 - 22:42:25

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :