پی ایس ایل 6، کراچی کنگز نے پلے آف مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا

سرفراز کی ففٹی رائیگاں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 19 جون 2021 21:45

پی ایس ایل 6، کراچی کنگز نے پلے آف مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا
ابوظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 19 جون 2021ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 14 رنز سے شکست دیکر پلے آف مرحلے میں جگہ بنا لی ۔ ابوظہبی میں کھیلے جا رہے لیگ کے 29ویں میچ میں کراچی کنگز نے گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ اوپنر بابر اعظم اور شرجیل خان نے 71 رنز کی شراکت قائم کی۔

اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب بابر 23 رنز بنانے کے بعد عبدالناصر کی وکٹ بن گئے، مارٹن گپٹل 5 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے اور ایک گیند بعد ہی 45 رنز بنانے والے شرجیل خان بھی چلتے بنے۔ نجیب اللہ زدران نے عارش علی کو چھکا لگا کر خطرناک عزائم ظاہر کیے ہی تھے کہ اگلی گیند پر کٹ کھیلنے کی کوشش میں ان کی اننگز بھی اختتام کو پہنچی ۔

(جاری ہے)

عماد وسیم بھی صرف تین بنا سکے اور عارش خان کی میچ میں چوتھی وکٹ بن گئے۔

کراچی کنگز 121 رنز پر پانچ وکٹیں گنوا چکی تھی اور لگتا تھا کہ شاید ٹیم 150 رنز بھی سکور نہ کرسکے لیکن دانش عزیزنے صرف 13 گیندوں پر 5 چھکوں اور2 چوکوں کی مدد سے 45 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور جیک ولڈرمتھ کے ایک اوور میں 33رنز بنائے۔ کراچی کنگز نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے، چیڈوک والٹن نے 34 رنز بنائے۔ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے عارش علی خان چار وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

ہدف کے تعاقب میں گلیڈی ایٹرز کے اوپنرز نے ٹیم کو 32 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن وہ درکار رن ریٹ کے مطابق تیز رفتاری سے اسکور کرنے میں ناکام رہے۔ صائم ایوب آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی تھے جو 19 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔ اسکور 48 تک پہنچا تو جیک ویدرلڈ بھی 25 رنز بنا کر چلتے بنے جبکہ عثمان خان اور اعظم خان بالترتیب بھی صرف 15، 15 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

91 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد سرفراز احمد کا ساتھ دینے حسان خان آئے اور دونوں نے 32 رنز کی ساجھے داری قائم کی لیکن اس مرحلے پر 24 رنز بنانے والے نوجوان بلے باز رن بدقسمتی سے رن آؤٹ ہو کر چلتے بنے، انہوں نے 15 گیندوں پر 24رنز بنائے۔ اختتامی اوورز میں سرفراز احمد نے جارحانہ بیٹنگ سے اپنی ٹیم کو فتح کی دہلیز تک پہنچانے کی کوشش کی لیکن بڑھتے ہوئے رن ریٹ کے سبب ان کی یہ کوشش ناکامی سے دوچار ہوئی اور کراچی کنگز نے میچ میں 14 رنز سے فتح حاصل کر لی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنا سکی، سرفراز نے ناقابل شکست 51 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس فتح کے ساتھ ہی کراچی کنگز نے پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بعد لاہور قلندرز کی ٹیم بھی ایونٹ سے باہر ہو گئی ہے۔دانش عزیز کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ کے لیے کراچی کنگزعماد وسیم (کپتان)، شرجیل خان، بابراعظم، مارٹن گپٹل، نجیب اللہ زدران، چیڈوک والٹن، نور احمد، دانش عزیز، محمد عامر، محمد الیاس اور ارشد اقبال پر مشتمل ہے جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سرفراز احمد(کپتان)، جیک ویدرلڈ، صائم ایوب، عثمان خان، اعظم خان، عبدالناصر، حسان خان، عارش علی خان، جیل ولڈرمتھ، خرم شہزاد اور نسیم شاہ کے ساتھ میدان میں اتری ہے۔
وقت اشاعت : 19/06/2021 - 21:45:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :