ویرات کوہلی کو کپتانی بوجھ لگنے لگی ، قیادت روہت شرما کو سونپنے کا فیصلہ

بھارتی کپتان وائٹ بال کپتانی کو خیرباد کہ سکتے ہیں، پرفارمنس متاثر ہونے کا شکوہ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 13 ستمبر 2021 15:52

ویرات کوہلی کو کپتانی بوجھ لگنے لگی ، قیادت روہت شرما کو سونپنے کا فیصلہ
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 13 ستمبر 2021ء ) بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد ٹی ٹونٹی اور ون ڈے فارمیٹ میں ٹیم کی قیادت چھوڑنے پر غور شروع کردیا ہے۔ ویرات کوہلی تینوں فارمیٹس میں بھارتی ٹیم کی قیادت کرتے ہیں لیکن ان کا ماننا ہے کہ اس سے ان کی پرفارمنس متاثر ہو رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ویرات کوہلی کے بعد کپتانی کی ذمہ داری روہیت شرما کو دی جا سکتی ہے۔

روہت شرما اپنی کپتانی میں ممبئی انڈینز کو 5 بار آئی پی ایل جتوا چکے ہیں ۔ دوسری طرف ویرات کوہلی نے بطور کپتان اب تک ایک بھی آئی سی سی تو کیا آئی پی ایل ٹرافی بھی نہیں جیتی ہے۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ویرات کوہلی ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد اس بات کا اعلان خود کریں گے، کوہلی کا ماننا ہے کہ انہیں اپنی بیٹنگ پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے اور وہ دنیا کا بہترین بیٹسمین بننے کے خواب کو ہی پورا کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

32 سالہ کوہلی اب تک 95 ون ڈے میچوں میں بھارت کی قیادت کر چکے ہیں، جن میں سے وہ 65 جیتے جبکہ 27 میں شکست ہوئی۔ ویرات کوہلی کی جیتنے کی شرح 70.43 فیصد ہے۔ کوہلی 45 ٹی ٹونٹی میچز میں بھی کپتانی کرچکے ہیں جن میں سے 27 میں فاتح رہے اور 14 میں شکست ہوئی۔ دوسری جانب 34 سالہ روہت شرما نے 10 ون ڈے اور 19 ٹی ٹونٹی میچوں میں بھارت کی قیادت سنبھالی، انہوں نے ون ڈے میں 8 جبکہ ٹی 20 میں 15 میچوں میں کامیابی حاصل کی۔ کوہلی کی کپتانی پر سب سے بڑی تنقید یہ ہوتی ہے کہ ان کے قیادت سنبھالنے کے بعد آئی سی سی کی کوئی بھی اہم ٹرافی جیتنے میں ناکامی ہے۔ حال ہی میں بھارت ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں بھی ہار گیا ، جس کے بعد انہیں مزید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
وقت اشاعت : 13/09/2021 - 15:52:26

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :